پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا

کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں ریلیاں نکالی گئیں

اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر اور پیرس میں ایفل ٹاور کے سامنے کشمیریوں کی حمایت میں مظاہرے کیے گئے۔ فوٹو : فائل

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور قبضے کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا۔



کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے آزاد کشمیر سمیت ملک بھرمیں آج ریلیاں نکالی گئیں۔ دنیا بھر کے کئی ممالک میں یوم یکجہتی کشمیر جوش وخروش سے منایا گیا جب کہ پاکستان میں سرکاری تعطیل رہی، تمام سرکاری، نیم سرکاری، نجی ادارے اور بازار بند رہے۔



کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہرسال کی طرح کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، آزاد کشمیر میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی گئی۔




پاکستان بھر میں مختلف سیاسی اورمذہبی جماعتوں سمیت مختلف تنظیموں کی طرف سے مظاہرے، ریلیاں، سیمینارز اور دوسری تقریبات منعقد کی گئیں جب کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلق خصوصی دستاویزی فلمیں دکھائیں گئیں۔



پنجاب اسمبلی میں کشمیر کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا، کئی ممالک میں قائم پاکستانی ہائی کمیشنز میں خصوصی تقریبات کا انعقاد ہوا، کشمیریوں کے حق خودارادیت اور بھارتی فوج کے ظلم وستم پر روشنی ڈالی گئی جب کہ نیویارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر اور پیرس میں ایفل ٹاور کے سامنے کشمیریوں کی حمایت میں مظاہرے بھی ہوئے۔

Load Next Story