پنجاب بیوروکریسی غیر جانبدار رہے کرپشن برداشت نہیں کروں گا نجم سیٹھی

جب تک میں وزیراعلی ہوں میرا کوئی دوست یا رشتے دار نہیں، نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی


ویب ڈیسک March 27, 2013
جب تک میں وزیراعلی ہوں میرا کوئی دوست یا رشتے دار نہیں، نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی، فوٹو: فائل

نگراں وزیر اعلٰی پنجاب نجم سیٹھی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔

ان کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد کی گئی اور گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے ان سے عہدے کا حلف لیا، اس موقع پر پیپلز پارٹی، مسلم لیگ(ن) اور مسلم لیگ (ق) سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی اہم شخصیات، عسکری حکام، بیوروکریٹس، سینیئر صحافیوں اور دیگر معززین نے شرکت کی۔

نجم سیٹھی ملک کے جانے پہنچانے صحافی ہیں اور وہ نجی نیوز چینل پر ایک پروگرام کی میزبانی بھی کرتے ہیں، ان کا نام پیپلز پارٹی کی جانب سے تجویز کیا گیا تھا، نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے نام پر اتفاق کے لئے صوبائی سطح پر پارلیمانی کمیٹی میں اس کا اتفاق نہ ہوسکا تھا تاہم میاں شہباز شریف کی مداخلت کے بعد کمیٹی نے ان کے نام پر اتفاق کیا تھا۔

نگران وزیراعلی پنجاب نجم سیٹھی نے حلف اٹھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مشترکہ فیصلہ کیا، ہمارا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، ہم پالیسیوں کے فیصلے کرنے نہیں آئے، عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے، انہوں نے کہا کہ جب تک میں وزیراعلی ہوں میرا کوئی دوست یا رشتے دار نہیں، بیوروکریسی کی کرپشن کو برداشت نہیں کرونگا، بیوروکریسی سے کہتا ہوں کہ نہ خود فائدہ اٹھائیں نہ ہی کسی کو لینے دیں، ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے میں ملوث ہیں ان لوگوں کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں