مقبوضہ کشمیر میں مسلح افراد کے حملے میں بھارتی کیپٹن سمیت 4 فوجی ہلاک

ضلع راجوڑی میں نامعلوم مسلح افراد نے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا

بھارتی فوج نے ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کرتے ہوئے عام شہریوں کو نشانہ بنایا فوٹو:فائل

مقبوضہ کشمیر میں مسلح افراد کے حملے میں بھارتی کیپٹن سمیت 4 فوجی ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوڑی میں نامعلوم مسلح افراد نے بھارتی چوکیوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 بھارتی فوجی ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ ہلاک شدگان میں بھارتی کیپٹن کپل کندو بھی شامل ہے۔

دوسری طرف سندربنی کے علاقے میں بھی فائرنگ سے بھارتی بارڈر فورس کا ایک اہلکار جب کہ ضلع پونچھ کے علاقے شاہ پور میں ایک فوجی زخمی ہوگیا۔ بھارتی حکومت نے حسب معمول تمام حملوں کا الزام پاکستان پر عائد کیا اور بھارتی فوج نے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کرتے ہوئے عام شہریوں کو نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کیخلاف 2 نوجوانوں کے قتل کا مقدمہ درج

واضح رہے کہ بھارت نے 1947ء سے کشمیر پر قبضہ کر رکھا ہے اور 7 لاکھ بھارتی فوج کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہی ہے جس کے نتیجے میں اب تک لاکھوں کشمیری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔
Load Next Story