افریقی تارکین وطن کو اسرائیل چھوڑنے کا حکم

اسرائیلی حکومت نے ہزاروں افریقیوں کو واپسی کا ٹکٹ اور فی کس ساڑھے 3 ہزار ڈالر دینے کی پیشکش کی ہے


ویب ڈیسک February 05, 2018
اسرائیلی حکومت نے ہزاروں افریقیوں کو واپسی کا ٹکٹ اور فی کس ساڑھے 3 ہزار ڈالر دینے کی پیشکش کی ہے فوٹو:اے ایف پی

MILAN: اسرائیلی حکومت نے ہزاروں افریقی تارکین وطن کو رواں برس مارچ کے آخر تک ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی حکومت نے 2 ماہ کے اندر ہزاروں افریقی تارکین وطن کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے، تارکین وطن کو سرکاری خطوط ملنا شروع ہو گئے ہیں جن میں اسرائیلی حکومت نے مہاجرین کو رضاکارانہ طور پر واپسی کا ٹکٹ اور ساڑھے 3 ہزار ڈالر فی کس دینے کی بھی پیشکش کی ہے۔ اسرائیلی امیگریشن اتھارٹی کی طرف سے جن لوگوں کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں انہیں مارچ کے آخر تک اسرائیل چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے ورنہ انہیں جیل بھیجے جانے اور پھر حتمی طور پر ملک بدر کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔


نیتن یاہو حکومت کے اس فیصلے کو افریقی تارکین وطن کے علاوہ اسرائیلی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے گروپوں نے بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت غیراخلاقی رویئے کا مظاہرہ کررہی ہے۔

واضح رہے کہ رپورٹ کے مطابق اسرائیل میں اس وقت 40 ہزار سے زائد تارکین وطن مقیم ہیں تاہم امیگریشن حکام کی جانب سے ان 15 سے 20 ہزار تارکین وطن کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں جو بالکل اکیلے ہیں اور ان میں سے زیادہ تر کا تعلق ایریٹیریا یا سوڈان سے ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں