آسکرایوارڈ یافتہ شرمین عبید چنائے کا نئی ڈاکیومنٹری فلم بنانے کا اعلان

فلم کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ میں ایک سماجی کارکن حمیرا بچل کی کاوشوں کی کہانی ہے، شرمین عبید چنائے

لندن میں منعقد کی گئی ایک پریس کانفرنس میں شرمین کے ساتھ ہالی ووڈ کی اداکارہ سلمیٰ ہائیک، میرینا پرل اور موسیقار جان لیجنڈ بھی موجود تھے

آسکر ایوارڈ یافتہ شرمین عبید چنائے نے ایک شارٹ ڈاکیومنٹری فلم "حمیرا دی ڈریم کیچر" بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔

لندن میں منعقد کی گئی ایک پریس کانفرنس میں شرمین نے بتایا کہ یہ فلم کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ میں ایک سماجی کارکن حمیرا بچل کی کاوشوں کی کہانی ہے، حمیرا نے بچپن میں اپنے اہل خانہ اور برادری کے خلاف جا کر تعلیم حاصل کی اور آج اس نے مواچھ گوٹھ میں ایک اسکول قائم کر کے وہاں کے رہائش پزیر بچوں کے لئے تعلیم تک رسائی کو ممکن بنایا، حمیرا کی جانب سے قائم کئے گئے ''دی ڈریم فاؤنڈیشن اسکول'' میں بچوں کو صرف 10 روپے فیس کے عوض تعلیم دی جاتی ہے۔ حمیرا کے اسکول میں اب تک 1200 بچوں کو تعلیم دی جا چکی ہے۔


شرمین نے کہا کہ ان میں اور دنیا کی لاکھوں ایسی خواتین جنہیں ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے میں فرق محض تعلیم کا ہے، انہوں نے کہا کہ خواتین کو تعلیم کے حق سے محروم رکھنے کے اقدام کے خلاف ہم جیسی تعلیم یافتہ اور اپنے حقوق سے آشنا خواتین کا آواز بلند کرنا ضروری ہے۔

پریس کانفرنس میں شرمین کے ساتھ ہالی ووڈ کی اداکارہ سلمیٰ ہائیک، میرینا پرل اور موسیقار جان لیجنڈ بھی موجود تھے جنہوں نے یکم جون کو منعقد ہونے والے گلوبل کنسرٹ "دی ساؤنڈ آف چینج" کا اعلان کیا۔

Recommended Stories

Load Next Story