جمعۃ المبارک سے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور برفباری کا امکان

ہواؤں کا نیا سلسلہ 9 فروری سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوجائے گا، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک February 06, 2018
ہواؤں کا نیا سلسلہ 9 فروری سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوجائے گا، محکمہ موسمیات : فوٹو : فائل 

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز سے ملک بھر کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ جمعے سے ملک بھر میں موسم میں تبدیلی کا امکان ہے اور 9 فروری سے 13 فروری تک پاکستان کے مختلف علاقوں میں بارشیں اور برفباری ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 9 فروری سے ہواؤں کا سلسلہ ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوجائے گا جس کے باعث بارشوں کا امکان بڑھ گیا ہے، پیر اور منگل کو مری و گلیات میں شدید برفباری ہوگی جب کہ جمعہ سے منگل تک بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارشیں اور کوئٹہ اور قلات ڈویژن میں برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار سے منگل تک کوہاٹ، مردان اور مالاکنڈ ڈویژن میں، پیر اور منگل کو گوجرانوالہ، سرگودھا اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارشوں، اتوار سے بدھ تک کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری جب کہ مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے پہاڑوں پر شدید برفباری متوقع ہے۔

دوسری جانب کراچی کا درجہ حرارت مزید 2 ڈگری سینٹی گریڈ گر گیا ہے، منگل کے روز کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مشرقی سمت سے چلنے والی ہوائیں چل رہی ہیں جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 35 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے ریجنل ڈائریکٹر شاہد عباس نے کہا ہے کہ کراچی میں موسم سرما کا دورانیہ یکم دسمبر تا 31مارچ تک ہے، آئندہ ایک ہفتے کے دوران کسی بڑی موسمی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں تاہم فروری کے وسط اور مارچ کے اوائل میں مغربی سسٹم کراچی پر اثر اند از ہوسکتے ہیں اور اس دوران کراچی میں بارش کا امکان بھی دیکھ رہے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں