تین رکنی کمیٹی کو فاروق ستارکے پاس بات چیت کیلیے بھیجا ہے فیصل سبزواری

کوشش ہے کہ تنازعات کو مل بیٹھ کر حل کیا جائے، فیصل سبزواری


ویب ڈیسک February 06, 2018
کوشش ہے کہ تنازعات کو مل بیٹھ کر حل کیا جائے، فیصل سبزواری. فوٹو : فائل

ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ فاروق ستار سے بات کرنے کے لیے 3 رکنی کمیٹی بنادی ہے اوراس کمیٹی کو فاروق ستار کے پاس بھیجا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما ایم کیو ایم پاکستان فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ عامرخان، کنور نوید جمیل، نسرین جلیل سمیت دیگر رابطہ کمیٹی اراکین کی موجودگی میں اجلاس ہوا جس میں سب نے صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھا اور کوشش ہے کہ تنازعات کو مل بیٹھ کر حل کیا جائے، ہم سیاسی انتہا پسندی کے قائل نہیں، ایم کیو ایم سے ہمارا لگاؤ دیگر جماعتوں سے مختلف ہے تاہم ہم کوئی بڑا قدم نہیں اٹھانا چاہتے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : متحدہ پاکستان میں اختلافات؛ فاروق ستار کا آج اہم انکشاف کا اعلان

فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار سے بات کرنے کے لیے 3 رکنی کمیٹی بنادی ہے جس میں رابطہ کمیٹی کے رکن عبدالرؤف صدیقی، سردار احمد اور مرکزی رہنما جاوید حنیف شامل ہیں، تینوں رہنماؤں کو فاروق ستار کے ساتھ ملاقات کے لیے بھیجا ہے جو رابطہ کمیٹی کا منظور کردہ ایجنڈا فاروق ستار کے سامنے رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری نیک نیتی کے ساتھ خواہش ہے کہ فاروق ستار رابطہ کمیٹی کا ایجنڈا سننے کے بعد اس سے اتفاق کریں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : کامران ٹیسوری کو سینیٹر بنانے کے معاملے پر متحدہ پاکستان دو دھڑوں میں تقسیم

واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کامران ٹیسوری کو سینیٹر بنانے کے معاملے پر ایم کیو ایم میں پھوٹ پڑگئی اور فاروق ستار ایک بار پھر پارٹی سے ناراض ہوگئے ہیں جب کہ دوسری جانب فاروق ستار نے کامران ٹیسوری کو معطل کرنے والے رابطہ کمیٹی ارکان کو بھی معطل کردیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں