پیاز کی قیمت آسمان پر پہنچ گئی بھارت سے بڑے پیمانے پر درآمد

بلوچستان اورپنجاب میں پیاز کی فصل تاخیر کا شکار، پیداوار اپریل کے آخری ہفتے میں متوقع،قلت کے باعث نرخ100فیصدبڑھ کر۔۔۔

بحری جہاز سے ہفتہ وار300 کنٹینر اور براستہ واہگہ یومیہ 60 ٹرک بھارتی پیاز لائی جا رہی ہے،37.5 فیصد ٹیکسز کی وجہ سے قیمتوں میں کمی نہیں آرہی، ذرائع فوٹو : اے ایف پی

پاکستان کی زرعی مصنوعات کو بھارت میں نان ٹیرف رکاوٹوں کا سامنا ہے تاہم بھارت کی زرعی مصنوعات کے لیے پاکستان کی منڈی تک رسائی بہت آسان ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھارتی پیاز کی وافر مقدار پاکستانی منڈیوں میں فروخت کی جارہی ہے۔

پاکستان میں نئی فصل میں تاخیر کے باعث پیاز کی قلت دور کرنے کے لیے بھارت سے بڑے پیمانے پر پیاز کی درآمد جاری ہے۔ کراچی سبزی منڈی کے ذرائع کے مطابق ایک بار پھر ملک بھر میں پیاز کی کھپت بھارت سے درآمد شدہ پیاز سے پوری کی جارہی ہے، بلوچستان اور پنجاب میں پیاز کی فصل تاخیر کا شکار ہے اور نئی فصل کی آمد اپریل کے آخری ہفتے میں متوقع ہے، اس دوران بھارت سے بڑے پیمانے پر پیاز کی درآمد جاری رہے گی۔

بھارتی پیاز واہگہ کے زریعے زمینی راستے کے علاوہ سمندر کے ذریعے بحری جہازوں سے بھی درآمد کی جارہی ہے، ہفتہ وار 3750 ٹن سے زائد بھارتی پیاز سمندری راستے سے درآمد کی جارہی ہے اور بحری جہاز ہفتے میں 300 سے زائد بھارتی پیاز کے کنٹینرز کراچی کی بندرگاہ پر آف لوڈ کررہے ہیں، دوسری جانب واہگہ کے ذریعے بھی بڑے پیمانے پر بھارتی پیاز درآمد کی جارہی ہے اور پیاز سے لدے ہوئے 50 سے 60 ٹرک یومیہ واہگہ بارڈر کراس کرکے پاکستان کو پیاز کی ترسیل کررہے ہیں، بھارتی پیاز کی درآمد پر ڈیوٹی اور ٹیکسز عائد ہونے کی وجہ سے بڑے پیمانے پر پیاز کی درآمد کے باوجود قیمت میں کمی نہیں ہورہی۔




ذرائع نے بتایا کہ بھارتی پیاز کی درآمد پر5 فیصد درآمدی ڈیوٹی، 16 فیصد سیلز ٹیکس اور 6 فیصد انکم ٹیکس اور کلیئرنگ چارجز سمیت مجموعی طور پر37.5 فیصد محصولات وصول کیے جارہے ہیں جس سے بھارتی پیاز بھی پاکستان پہنچ کر مہنگی پڑرہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ بھارتی پیاز کی پاکستان میں لینڈڈ کاسٹ 40 سے 42 روپے فی کلو پڑرہی ہے، کراچی کی سبزی منڈی میں پیاز تھوک سطح پر 1800 روپے فی من(45 روپے فی کلو) فروخت کی جارہی ہے جبکہ شہر بھر میں پیاز کی خوردہ قیمت 50 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے۔

پاکستان میں موسم کی سختیوں بالخصوص شدید بارشوں کے سبب پیاز کی نئی فصل کو نقصان پہنچنے سے پیداوار میں تاخیر کا سامنا ہے، گزشتہ سال کے اسی موسم میں مقامی پیاز تھوک سطح پر 600 روپے من (15 روپے کلو) اور خوردہ سطح پر 20 سے 25 روپے کلو فروخت کی جارہی تھی تاہم اس سال قلت کے سبب قیمت میں تھوک سطح پر 200 فیصد جبکہ خوردہ سطح پر 100 فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے۔
Load Next Story