پی ٹی آئی کا 23 مارچ کو مینار پاکستان پر بڑا جلسہ کرنے پرغور

عمران خان نے علیم خان، شعیب صدیقی کی تجویز پرپارٹی قائدین سے مشاورت شروع کردی

میگا پاور شو سے لیگی جلسوں کا تاثر دور اور کارکنوں میں مایوسی ختم ہو گی،ذرائع فوٹو: فائل

تحریک انصاف کی قیادت کارکنوں میں پھیلی مایوسی کے خاتمے اور لیگی جلسوں کا تاثر زائل کرنے کیلیے 23 مارچ کو مینار پاکستان کے میدان میں ایک بڑا جلسہ منعقد کرنے کے بارے میں باہمی مشاورت کررہی ہے۔

یہ جلسہ 2011ء اور 2013 ء کے جلسوں کے معیار اور تعداد کے مطابق ہی منعقد کیا جائے گا اور اس حوالے سے سینٹرل پنجاب کے اضلاع کے انصافینز کو خصوصی ٹاسک دیا جائے گا۔ تحریک انصاف نے اپنی سیاسی اڑان 30 اکتوبر 2011 ء کو مینار پاکستان میں ملکی تاریخ کا ایک بڑا سیاسی جلسہ منعقد کر کے بھری تھی جس کے بعد 2013 ء کے عام انتخابات سے دو ماہ قبل 23 مارچ کو تحریک انصاف نے مینار پاکستان میں پھر سے ایک بڑا پاور شو کیا تا کہ الیکشن مہم کو طاقت مل سکے۔


28 ستمبر 2014ء کو مینار پاکستان پھر سے تحریک انصاف کے جھنڈوں سے رنگین ہو گیا تاہم یہ جلسہ عددی اعتبار سے اسی میدان میں ہونے والے پہلے دونوں جلسوں سے کمزور تھا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں کے دوران لیگی جلسوں سے پیدا ہونے والے تاثر کو دور کرنے اور کارکنوں میں پائی جانے والی مایوسی کے خاتمے کیلیے سینٹرل پنجاب کے صدرعبدالعلیم خان اور الیکشن مینجمنٹ کمیٹی کے عہدیدار شعیب صدیقی نے چیئرمین عمران خان کو یہ تجویز دی ہے کہ ماضی کے تینوں بڑے جلسوں کی طرح اس مرتبہ 23 مارچ کو مینار پاکستان پر ایک میگا پاور شو کیا جائے جو کہ آئندہ عام انتخابات کیلیے بھی پارٹی کو فائدہ دے گا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان بھی لاہور میں ایک تاریخ ساز جلسہ کرنا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے وہ جہانگیر ترین، شاہ محمود قریشی اور دیگر قائدین سے مشاورت کر رہے ہیں۔
Load Next Story