’’را‘‘ سے تربیت یافتہ ایم کیو ایم لندن کے کارکن کو 10 سال قید کا حکم

مجرم ریاض نے 1994 میں بھارت سے دہشت گردی کے تربیت حاصل کی، اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر


ویب ڈیسک February 07, 2018
مجرم ریاض کیخلاف 9 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے مقدمات بھی زیر سماعت ہیں ۔ فوٹو : فائل

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ''را'' ایجنٹ اور ایم کیو ایم لندن کے کارکن ریاض عرف لکڑ کو 10 سال قید اور جرمانے کی سزا کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں بھارتی خفیہ ایجنسی ''را'' کے ایجنٹ اور ایم کیو ایم لندن کے کارکن ریاض عرف لکڑ پر غیر قانونی اسلحہ اور بارود رکھنے کا جرم ثابت ہوگیا جس پر عدالت نے مجرم کو 10 سال قید اور جرمانے کی سزا کا حکم دے دیا۔

دوران سماعت اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل میں کہا کہ مجرم ریاض عرف لکڑ نے 1994 میں بھارت جاکر دہشت گردی کی تربیت حاصل کی اور اسے دہشت گردی کی وارداتوں کا ٹاسک لندن سے دیا جاتا تھا، مجرم نے مختلف سیاسی جماعتوں کے 9 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کا بھی اعتراف کیا ہے اور وہ شہر میں بھتہ خوری، جلاؤ گھیراؤ سمیت درجنوں سنگین وارداتوں میں ملوث ہے۔

واضح رہے ''را'' ایجنٹ ریاض عرف لکڑ کو عبداللہ شاہ غازی رینجرز نے گرفتار کیا تھا، مجرم کے ایم سی صدر میں ملازم اور ایم کیوایم لندن کا کارکن تھا جب کہ اس کے خلاف 9 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے مقدمات بھی مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔