سعودی عرب نے اسرائیل کی پرواز کیلیے اپنی فضائی حدود کی پابندی ختم کردی

سعودی حکومت نے 70 سال بعد اسرائیل جانے کے لیے اپنی فضائی حدود کی پابندی ختم کی


ویب ڈیسک February 07, 2018
سعودی حکومت کی پہلی بار’ایئر انڈیا‘ کواسرائیل جانے کیلیےاپنی فضائی حدوداستعمال کرنےکی اجازت فوٹو:فائل

سعودی عرب نے 70 سال بعد اسرائیل کی پرواز کے لیے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی پابندی ختم کردی۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی حکومت نے 70 سال بعد اسرائیل جانے کے لیے اپنی فضائی حدود کی پابندی ختم کردی جب کہ سعودی حکومت نے پہلی بار بھارتی ایئر لائن 'ایئر انڈیا' کو اسرائیل کی پرواز کے لیے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیل جانے کے لیے 'ایئر انڈیا' کو یمن کے جنوب سے جانا پڑتا ہے جو بہت لمبا راستہ ہے تاہم سعودی حکومت کے اس فیصلے کے بعد بھارتی دارالحکومت نئی دلی ایئرپورٹ سے اسرائیل کے ایئرپورٹ تل ابیب تک فضائی سفر میں دو سے ڈھائی گھنٹے کم ہوجائیں گے جس سے نہ صرف ایئرلائن کو فائدہ ہوگا بلکہ مسافروں کیلیے ٹکٹ کی قیمت میں بھی کمی کی جائے گی۔

دوسری جانب اسرائیلی ایئرلائن (ای ایل اے ایل) نے بھی مطالبہ کیا کہ انہیں بھی سعودی عرب کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔ ایئرلائن کے حکام کا کہنا تھا کہ ہم اسرائیلی وزیراعظم سمیت تمام اعلیٰ حکام سے بات کرچکے ہیں جب کہ ایئرلائنز کے درمیان کسی قسم کا امتیازی سلوک نہیں رکھنا چاہیے اگر ایئر انڈیا کو اجازت مل سکتی ہے تو ہمیں بھی ملنی چاہیے کیوں کہ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اسرائیلی باشندے کسی غیر ملکی پرواز سے سعودی فضائی حدود میں سفر کریں یا اپنی ملکی پرواز سے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔