رابطہ کمیٹی کے رویے سے بہت افسوس ہوا فاروق ستار

فیصل سبزواری نے پریس کانفرنس میں بہت کڑوی کسیلی باتیں کہیں جس سے مجھے صدمہ پہنچا، سربراہ ایم کیوایم پاکستان


ویب ڈیسک February 08, 2018
فیصل سبزواری نے پریس کانفرنس میں بہت کڑوی کسیلی باتیں کہیں جس سے مجھے صدمہ پہنچا، سربراہ ایم کیوایم پاکستان . فوٹو : فائل

RAWALPINDI: ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ رابطہ کمیٹی کے رویے سے افسوس ہوا اور فیصل سبزواری نے بہت کڑوی کسیلی باتیں کہیں جس سے مجھے صدمہ پہنچا۔

پی آئی بی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان کے کروڑوں حامی اور ووٹرز کئی روز سے ذہنی اضطراب میں ہیں، گھر کی لڑائی اور اختلافات کو گھر میں ہی رکھتے چوراہے پر نہیں لاتے یہی عقلمندی اور دانشمندی ہے۔

ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ رابطہ کمیٹی کے رویے سے آج بہت افسوس ہوا، فیصل سبزواری نے بہت کڑوی کسیلی باتیں کہیں، انکی ان باتوں سے مجھے صدمہ پہنچا، فیصل سبزواری کی پریس کانفرنس غصے میں تھی جب کہ میری کانفرنس میں صدمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلدی تو آپکو ہے صرف فاروق بھائی کہنا عزت نہیں، میں بہادر آباد جارہا تھا پھر کیوں اتنی جلدی کی گئی، یہ مسئلہ پریس کانفرنس اور پبلک میں جانے کے بغیر حل ہوسکتا تھا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نے سینیٹ کے لئے امیدواروں کا اعلان کردیا

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ رابطہ کمیٹی نے پریس کانفرنس میں پارٹی کا آئین دکھایا وہ اجلاس بھی کررہے ہیں مگر رابطہ کمیٹی کو کسی اجلاس کی اجازت نہیں اور میری اجازت کے بغیر تمام اجلاس غیر آئینی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ اظہار الحسن، رؤف صدیقی اور جاوید حنیف نے معاملات کو حل کرنے کے لئے مخلصانہ کوششیں کیں، ان تینوں رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

دوسری جانب بہادر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیوایم کے سینئر رہنما عامر خان نے کہا کہ فاروق ستار بھائی سے گزارش ہے کہ پریس کانفرنس منقطع کرکے بہادر آباد آجائیں، ہم ان کی مشاورت سے فیصلہ کرنا چاہتے ہیں، ہم نے ناموں کا اعلان بحالت مجبوری کیا تھا، فاروق ستار یہاں آئیں اور قوم کو اس کرب سے نجات دلائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔