سچن ٹنڈولکر کی بیٹی کا جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ بنانے والا انجینئر گرفتار

عدالت نے سافٹ ویئر انجینئر کو 9 فروری تک پولیس کی تحویل میں دے دیا


ویب ڈیسک February 08, 2018
فرضی اکاؤنٹ سے بھارتی سیاستدان کے خلاف توہین آمیز تبصرے کیے گئے؛ فوٹوفائل

بھارت میں سچن ٹنڈولکر کی بیٹی سارہ ٹنڈولکر کے جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ بنانے والے سافٹ ویئرانجینئرکو گرفتار کرلیا گیا۔

سچن ٹنڈولکر اور ان کی بیٹی سارہ کی زندگی کی مشکلات ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہیں۔ چند روز قبل سارہ سے محبت کے دعویدار اور اسے فون پر اغوا کرنے کی دھمکیاں دینے والے شخص کو گرفتار کیا گیا تھا ابھی اس معاملے کو ختم ہوئے چند روز ہی گزرے ہوں گے کہ ایک اور پریشانی کھڑی ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سارہ ٹنڈولکر کے نام سے جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ بنانے والےسافٹ ویئرانجینئرکو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ دراصل 2017 کا ہے، اس شخص نے سارہ کے نام سے فرضی اکاؤنٹ بناکر بھارتی سیاسی جماعت نیشنل کانگریس پارٹی کے لیڈر شرد پوار کے خلاف توہین اور ہتک آمیز تبصرے کیے تھے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سچن ٹنڈولکر کی بیٹی کو اغوا کی دھمکیاں

معاملہ سامنے آنے کے بعد سچن ٹنڈولکر کے پرسنل اسسٹنٹ نے ممبئی کی سائبر پولیس میں سارہ کے نام سے فرضی اکاؤنٹ بنانے والے شخص کےخلاف شکایت درج کرائی تھی۔ شکایت میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ جس وقت جعلی اکاؤنٹ سے تبصرے کیے گئے اس وقت سارہ اپنی تعلیم کے سلسلے میں لندن میں موجود تھیں۔

سائبر پولیس کی جانب سے کی جانے والی تفتیش کے بعد جعلی اکاؤنٹ بنانے والے 39 سالہ شخص نتن سیشود کو تعزیرات ہند اور آئی ٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ اس کے قبضے سے لیپ ٹاپ، دو موبائل فونز، راؤٹراور کمپیوٹر سے متعلق دیگر اشیا بھی برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرضی اکاؤنٹ موبائل فون سے بنایا گیا ہے جس میں سارہ کی تصویر بھی استعمال کی گئی ہے پولیس موبائل نمبر اور آئی پی ایڈریس کے ذریعے ہی اس شخص تک پہنچی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: بیٹے کی وجہ سے سچن ٹنڈولکر شرمندہ

سافٹ ویئرانجینئرنتن کو پولیس نے گزشتہ روز عدالت میں پیش کیا تھا جہاں اس کے وکیل کا کہنا تھا کہ نتن بے قصور ہے اسے پھنسایا گیا ہے، عدالت نے دونوں جانب کا موقف سننے کے بعد سافٹ ویئرانجینئرنتن کو 9 فروری تک پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔