ایم کیوایم پاکستان کل بھی ایک تھی اور آج بھی ایک ہے فاروق ستار

اختلاف اور اختلاف رائے ہوتا ہے لیکن متحدہ قومی موومنٹ کی پالیسی نظم و ضبط ہے، سربراہ ایم کیوایم پاکستان


ویب ڈیسک February 08, 2018
ہماری ایک دوسرے کے ساتھ وابستگی پرانی ہے، فاروق ستار۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کل بھی ایک تھی، آج بھی ایک ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہمارے مخالفین شادیانے بجارہے تھے تاہم ایک ہی پنڈال کے نیچے ہم سب نے فارم بھرے، ایم کیو ایم پاکستان کل بھی ایک تھی، آج بھی ایک ہے اور آئندہ بھی رہے گی، ایم کیو ایم پاکستان کے کل 15 امیدواروں نے الیکشن کمیشن میں فارم جمع کرائے۔

فاروق ستار نے کہا کہ اختلاف اور اختلاف رائے ہوتا ہے لیکن ایم کیو ایم پاکستان کی پالیسی نظم و ضبط ہے، ہماری ایک دوسرےکے ساتھ وابستگی پرانی ہے اور نئے آنے والوں کو بھی اجنبیت کا احساس نہیں ہونے دیتے، میری ذمہ داری ہے کہ میں اس کو نبھاؤں، بھائیوں سے کہتا ہوں کہ جو بھی اختلاف ہوگا سب مل بیٹھ کر اس کا حل نکالیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بھی فیصلہ کیا وہ ہم سب نے مل کر کیا تاہم کچھ معاملات میں آخری فیصلہ سربراہ یا کنوینر کا ہونا چاہیے جب کہ ہم نے نہ پہلے کہیں سے ڈکٹیشن لیا اور نہ آئندہ لیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔