شہباز شریف وہ فرعون ہے جس کا وقت قریب آگیا ہے عمران خان

نواز شریف کو نکال دیا اب شہباز شریف کی باری ہے، چیئرمین تحریک انصاف

سپریم کورٹ نے نوازشریف کو مافیا کا گارڈ فادر قرار دیا،عمران خان،فوٹو:فائل

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف وہ فرعون ہے جس کا وقت قریب آگیا ہے، نوازشریف کو نکال دیا اب شہباز شریف کی باری ہے۔

لودھراں میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم نے جہانگیر ترین کی نااہلی کا فیصلہ تسلیم کیا لیکن جہانگیر نے کبھی ٹیکس چوری، منی لانڈرنگ یا کرپشن نہیں کی، جہانگیر ترین سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے رکن پارلیمنٹ تھے یہ شریفوں یا زرداریوں کی طرح نہیں جو کسانوں کو گنے کی پوری قیمت نہ دے۔



تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ سپریم کورٹ سمیت اداروں کا احترام کرتے ہیں، ہم نے فیصلوں کو تسلیم کیا، نوازشریف کی طرح یہ نہیں کہا کہ ہمیں کیوں نکالا۔ نواز شریف 300 ارب ملک سے باہر لے گئے جس کا حساب دینے کے بجائے الٹا کہتے ہیں کہ نیب نے ہمارے سوالوں کا جواب نہیں دیا، سپریم کورٹ نے نواز شریف کو مافیا کا گارڈ فادر قرار دیا۔




عمران خان نے کہا کہ پنجاب پولیس تباہ ہوگئی ، پنجاب پولیس کے گرفتار انسپکٹر عابد باکسر نے بتایا کہ وہ شہباز شریف کے کہنے پر لوگوں کا قتل کرتا تھا، عابد باکسر نے بیان دیا کہ اس نے شہباز شریف کے کہنے پر دو لوگوں کو قتل کیا اسی طرح پنجاب پولیس نے ایک سال میں 137 ماورائے عدالت قتل کیے جب کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن علیحدہ ہے، شہباز شریف وہ فرعون ہے جس کا وقت قریب آگیا ہے، نوازشریف کو نکال دیا اب شہباز شریف کی باری ہے۔



چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستان غیر ملک نہیں اور نہ یہاں وسائل کی کمی ہے، پاکستانی قوم باصلاحیت اور ہنرمند ہے لیکن ملک پر مافیا کی حکمرانی ہے جو اربوں روپے کے قرضے لے کر قوم کو مفلوج کررہی ہے۔

واضح رہےالیکشن کمیشن نے عمران خان کو لودھراں میں جلسے سے خطاب کرنے سے روکا تھا اور اس حوالے سے انہیں نوٹس بھی بھیجا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ ضابطہ اخلاق کے تحت کسی ایم این اے کو انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں لیکن الیکشن کمیشن کے نوٹس کے باوجود چیرمین پی ٹی آئی نے لودھراں میں جلسے سے خطاب کیا۔

Load Next Story