لوڈشیڈنگ کیلیے وفاقی پالیسی پر عمل پیرا ہیں کے الیکٹرک

جہاں چوری زیادہ وہاں لوڈشیڈنگ بھی زیادہ ہوگی،60فیصدعلاقوں کو بلاتعطل فراہمی جاری ہے۔


علیم ملک February 10, 2018
جہاں چوری زیادہ وہاں لوڈشیڈنگ بھی زیادہ ہوگی،60فیصدعلاقوںکوبلاتعطل فراہمی جاری ہے۔ فوٹو؛ فائل

کے الیکڑک نے اپنے زیر انتظام علاقوں میں بجلی کی ترسیل و تقسیم کے نقصانات کم کرنے کی حکمت عملی تیار کرلی ہے اور رواں سال کے اختتام تک نقصانات کی شرح کم کرکے 7 فیصد تک لائی جائے گی، کے الیکڑک کے 60 فیصد علاقے لوڈشیڈنگ فری ہوچکے ہیں۔

کے الیکڑک کے چیف کمیونیکیشن آفیسر فخر احمد نے ''ایکسپریس'' کو بتایاکہ کے الیکڑک انتظامیہ نے لائن لاسزکوکنٹرول کرنے اور ان میں مزیدکمی لانے کا منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت رواں سال کے اختتام تک کمپنی کے زیر انتظام علاقوں میںنقصانات کی شرح کم کرکے 7 فیصد تک لائے جائیں گے، 2009 سے اب تک بجلی کی ترسیل و تقسیم کے نقصانات میں 13.07 فیصد کمی لائی گئی ہے۔

فخر احمد نے بتایاکہ ترسیل و تقسیم کے نقصانات میں کمی لانے اور بجلی چوری روکنے کیلیے کے الیکڑک کے زیر انتظام علاقوں میں ایریل بنڈلڈکیبلز کا نظام متعارف کرایا گیاہے جس کے حوصلہ افزانتائج برآمد ہوئے ہیں،61 فیصد علاقوں کو لوڈشیڈنگ فری کر دیا گیا ،39 فیصد علاقوں میں لوڈشیڈنگ کی جاری ہے جن علاقوں میں بجلی چوری زیادہ ہوگی اور ریکوریز کی صورتحال بہتر نہیں ہوگی وہاں پر وفاقی حکومت کی پالیسی کے تحت لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔

چیف کمیونیکیشن آفیسر نے بتایاکہ اس وقت کے الیکڑک کا بجلی کا شارٹ فال 300 میگاواٹ ہے جس کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں،بجلی کی طلب 3 ہزار 200اور دستیاب بجلی 2ہزار 100 میگاواٹ ہے، 2009 سے اب تک کے الیکڑ ک نے 1ہزار 57 میگاواٹ بجلی سسٹم میں داخل کی ہے۔

فخر احمد نے بتایاکہ مختلف اداروں کے ادائیگیاں نہ کرنے سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ اب بھی مختلف اداروں نے کے الیکڑک کو 90 ارب روپے سے زائد کے واجبات اداکرنے ہیں، کراچی واٹرا ینڈ سیوریج کے الیکڑک کا سب سے بڑا نادہندہ ہے جس کے ذمے 45 ارب روپے کے واجبات ہیں،کمپنی کو مختلف اداروں کو 2 ارب روپے سے زائد کی ادائیگیاں کرنی ہیں، نجکاری کے بعد کے الیکڑک نے 1ارب 20 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی ہے جس سے نظام میں بہتری آئی ہے۔

چیف کمیونیکیشن آفیسر نے بتایاکہ پارلیمنٹ ہاؤس کی طرز پر وزیر اعلی اور گورنر سیکریٹریٹ میں شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کیلیے ایک منصوبے پر بھی کام کر رہے ہیں،بجلی کی سالانہ طلب میں 5 سے 7 فیصد یا 150 سے 170 میگاواٹ کا اضافہ ہورہاہے۔

فخر احمد نے مزید بتایاکہ کے الیکڑک انتظامیہ قلندرآبادگلشن جناح سمیت دیگر علاقوں میں عوام کے تعاون سے کنڈاکلچر کا خاتمہ کیا ہے اور کے الیکڑک کی کوششوں سے ان علاقوں سے بجلی چوری کا خاتمہ ہوچکا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں