پی ایس ایل فائنل کیلیے سیکیورٹی کی مشقیں کل فل ڈریس ریہرسل ہوگی

سیکیورٹی کی پہلی مشق میں کھلاڑیوں کو لانے اور لے جانے والے موٹرکیڈ کی ریہرسل کی گئی۔


Raheel Salman February 10, 2018
پاکستان سپر لیگ کے فائنل کی نیشنل اسٹیڈیم میں انعقادکے لیے سیکیورٹی ریہر سل کے دوران موٹر کیڈ سڑک سے گزررہا ہے۔ فوٹو : آن لائن

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کی تیاریاں جاری ہیں اس سلسلے میں سیکیورٹی اقدامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے جب کہ پولیس، رینجرز ،اسپیشل سیکیورٹی یونٹ اور سیکیورٹی اداروں نے سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد کے لیے ریہرسل شروع کردی۔

25 مارچ بروز اتوار کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل میچ کے سلسلے میں تیاریاں شروع کردی گئی ہیں انتظامیہ کی کوشش ہے کہ جلد تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی جائے کھلاڑیوں کی کراچی آمد پر انھیں عالمی سطح کی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی اس ضمن میں سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا ہے۔

سیکیورٹی پلان پر عمل کے لیے پولیس،رینجرز ، اسپیشل سیکیورٹی یونٹ، بم ڈسپوزل اسکواڈ، اسپیشل برانچ اور سیکیورٹی ادارے مربوط اقدامات کررہے ہیں تحفظ کی آزمائشی مشق (ریہرسل) شروع کردی گئی ہے جمعہ کو کھلاڑیوں کو لانے اور لے جانے والے موٹرکیڈ کی ریہرسل کی گئی۔

موٹر کیڈ گاڑیوں کا وہ قافلہ ہوتا ہے جس میں کھلاڑی، آفیشل اور غیرملکی مہمان سوار ہوتے ہیں موٹر کیڈ میں کھلاڑیوں کی کوچ ، ایمبولینس، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سیکیورٹی کی گاڑیوں کی ترتیب طے کی گئی موٹرکیڈ 6 موٹرسائیکلوں، ایک بکتر بند اور 18 گاڑیوں پر مشتمل تھا جس میں پولیس اور رینجرز کی موبائلیں بھی شامل تھیں۔

موٹر کیڈ کا آغاز پی آئی ڈی سی پر واقع نجی ہوٹل سے ہوا جوکہ ایم ٹی خان روڈ ، مائی کلاچی روڈ ، بلاول ہاؤس چورنگی ، دو تلوار چورنگی ، تین تلوار چورنگی اور کلفٹن پل سے ہوتا ہوا واپس پی آئی ڈی سی پر اختتام پذیر ہوا اس سلسلے میں ڈی آئی جی عمران یعقوب منہاس نے ایکسپریس کو بتایا کہ سیکیورٹی اقدامات کی ریہرسل مرحلہ وار کی جائے گی جوکہ 3 روز تک جاری رہے گی۔

ہفتہ کو کھلاڑیوں کے روٹ پر ریہرسل کی جائے گی جس میں کھلاڑیوں کے آنے جانے کے راستوں پر سیکیورٹی کی صورتحال، نفری کی تعیناتی اور دیگر امور شامل ہوں گے اتوار کو تیسرے اور آخری روز فل ڈریس ریہرسل کی جائے گی جس میں مجموعی طور پر تینوں دن کی سیکیورٹی کا بھی جائزہ لیا جائے گا جبکہ ایئرپورٹ سے ہوٹل، ہوٹل سے اسٹیڈیم اور اسٹیڈیم سے واپس ہوٹل تک تمام راستوں پر فل ڈریس ریہرسیل ہوگی جس میں تمام امور کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔

اس موقع پر شہریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی اور زحمت سے بچانے کے لیے کوشش کی جائے گی کہ کم سے کم وقت ٹریفک روکا جائے اس ضمن میں سپریم کورٹ کی رولنگ کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں