پاکستان کا مالدیپ میں ایمرجنسی کی حمایت سے انکار

شاہدخاقان عباسی سے صدریامین کے نمائندے کی ملاقات،حمایت مانگی


سردار سکندر February 10, 2018
ملک میں مشرف ایمرجنسی کی مخالفت کی وہاں حمایت کیسے کریں؟،وزیراعظم. فوٹو:فائل

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مالدیپ میں صدرعبداللہ یامین کی طرف سے ایمرجنسی کے نفاذ کی حمایت سے انکارکرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان دوسرے ملکوں کے معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور وہ اس ضمن میں اقوام متحدہ کے منشور میں شامل اصولوں کی پاسداری جاری رکھے گا۔

گزشتہ روز وزیراعظم سے مالدیپ کے وزیرخارجہ ڈاکٹرمحمد عاصم نے ملاقات کی جوصدریامین کے خصوصی نمائندے کی حیثیت سے 8 فروری کو تین روزہ دورے پرپاکستان پہنچے تھے۔ ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ ایک سرکاری ذریعے نے بتایاکہ وزیراعظم نے مالدیپ کے وزیرخارجہ سے کہاکہ پاکستان ایمرجنسی کے انتہائی متنازع اقدام کے بعد مالدیپ کے صدرکا ساتھ دینے کاکوئی ارادہ نہیں رکھتا۔

وزیراعظم کے ایک قریبی ساتھی نے نام نہ ظاہرکرنے کی شرط پربتایاکہ شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ ہم نے 2007ء میں اسوقت کے آمر پرویزمشرف کے ایمرجنسی نفاذ کی مذمت تھی چنانچہ ہم مالدیپ میں ایمرجنسی کی حمایت کیسے کرسکتے ہیں جہاں سپریم کورٹ نشانہ بن رہی ہے۔

مالدیپ کے وزیرخارجہ نے وزیراعظم پاکستان کو مالدیپ کے دورے کی دعوت بھی دی لیکن انھوں نے شائستہ اندازمیں معذرت کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حالات میں دورہ کرنا مناسب نہیں ہے۔

ادھر وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق مالدیپ کے وزیرخارجہ نے وزیراعظم کو ان حالات کے بارے میں آگاہ کیا جو وہاں ایمرجنسی کے نفاذ کا پیش خیمہ ثابت ہوئے۔ انھوں نے خطے میں امن واستحکام کیلیے پاکستان کے اقدامات کیلیے مالدیپ کی حمایت کااعادہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں