مقبوضہ کشمیر میں افضل گرو کی برسی پر ہڑتال مظاہرے حریت قیادت نظر بند

افضل گرو کی میت کی واپسی کا ایک بار پھر مطالبہ، مظاہرین کی آزادی کے حق میں نعرے بازی۔


News Agencies February 10, 2018
،اتوار11 فروری کو شہید مقبول بٹ کی برسی پر شٹر ڈاؤن کی کال۔ فوٹو: فائل

مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما افضل گرو کی پانچویں برسی کے موقع پر حریت قیادت کی اپیل پر مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی جبکہ قابض فورسز نے حریت قیادت کو نظربند کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور یاسین ملک نے افضل گرو کی پانچویں برسی پر مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال اور پرامن احتجاج کی کال دی تھی جس پر وادی میں مکمل ہڑتال کی گئی، سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر تھی۔ تمام دکانیں، کاروباری مراکز بھی بند رہے۔

بعد نماز جمعہ ہزاروں کشمیریوں نے بھارت کیخلاف مظاہرے بھی کیے۔ مظاہرین آزادی کے حق میں نعرے بازی کر رہے تھے۔ قابض انتظامیہ نے احتجاج ناکام بنانے کیلیے سید علی گیلانی، یاسین ملک، میرواعظ عمر فاروق، محمد اشرف سمیت دیگر کو نظربند کیا۔

دوسری جانب کٹھ پتلی انتظامیہ نے بھارت مخالف احتجاج کو روکنے کیلیے سری نگر اور بعض شمالی علاقوں میں سخت پابندیاں لگاتے ہوئے ٹرین سروس کو بھی معطل کیا۔ سری نگر کی تاریخی جامع مسجد بھی سربمہر کردی گئی تھی اور لوگوں کو وہاں نمازجمعہ ادا نہیں کرنے دی گئی۔

حریت رہنماؤں نے کہاکہ پھانسیوں، قتل، گرفتاریوں، کرفیو، پابندیوں اور دیگر ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کو اپنی منصفانہ جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روکا نہیں جاسکتا۔ افضل گرو کی میت کی واپسی کا ایک بار پھر مطالبہ کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ بھارت نے حریت رہنما افضل گرو کو پارلیمنٹ حملہ کیس کا ملزم قرار دیتے ہوئے9 فروری 2013 کو تہاڑ جیل میں پھانسی دینے کے بعد وہیں دفن کردیا تھا۔

اس کے علاوہ مقبوضہ وادی میں اتوار11 فروری کو شہید مقبول بٹ کی برسی کے سلسلے میں شٹر ڈاؤن کی کال دی گئی ہے جبکہ اسی روز سری نگر میں سونوار کے مقام پر اقوام متحدہ کے مبصرین کے دفتر کی جانب مارچ کیا جائے گا اور قرارداد پیش کی جائے گی جس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے مطالبہ کیا جائے گا کہ افضل گرو اور مقبول بٹ کی لاشیں کشمیریوں کے حوالے کی جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں