اکشے کمار کی فلم ’’پیڈمین‘‘پر پاکستان میں پابندی

بورڈ کے تمام ممبران فلم کو دیکھتے ہوئے ہچکچاہٹ کا شکار ہوئے؛ پنجاب سنسربورڈ


ویب ڈیسک February 10, 2018
وفاقی سنسر بورڈ نے فلم کو این او سی جاری کرنے سے منع کرتے ہوئے سینما گھروں میں ریلیز نہ کرنے کا اعلان کیا ہے؛ فوٹوفائل

نامور بالی ووڈ اداکار اکشے کمار کی سماجی موضوع پر مبنی فلم''پیڈمین''پر پاکستان میں پابندی عائد کردی گئی۔

بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو اکشے کمار گزشتہ کافی عرصے سے روایتی فلموں سے ہٹ کر سماجی مسائل خاص طور پر بھارتی خواتین کو درپیش مسائل پر مبنی فلمیں کرنےکو ترجیح دے رہے ہیں۔

گزشتہ برس ریلیز ہوئی فلم''ٹوائلٹ ایک پریم کتھا''بھی بھارت میں بیت الخلا میں کمی اور اس حوالے سے خواتین کو پیش آنے والے مسائل پر مبنی تھی جسے لوگوں کی جانب سے بے حد سراہا گیا تھا۔''ٹوائلٹ ایک پریم کتھا''کے بعداکشے کمار کی رواں ماہ 9 فروری کو ایک اور فلم''پیڈمین'' ریلیز ہوئی ہے تاہم پاکستان میں''پیڈ مین'' کی نمائش پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ہالی ووڈ اداکارہ''ٹوائلٹ'' کی حمایت میں

پنجاب فلم سنسر بورڈ کے ممبران نے ''پیڈمین''کو کلیئرنس سرٹیفیکٹ جاری نہیں کیا۔ اس حوالے سے بورڈ کے ممبران کا کہنا ہے کہ متنازع موضوع پر بنائی گئی فلم کو سینما میں ریلیز کی اجازت نہیں دے سکتے ۔ پنجاب سنسر بورڈ کے ساتھ وفاقی سنسر بورڈ نے بھی فلم کو این او سی جاری کرنے سے منع کرتے ہوئے فلم کو ملک بھر کے سینما گھروں میں ریلیز نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری طرف پاکستانی فلم ڈسٹری بیوٹرز نے مقامی پروڈیوسرز کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پروڈیوسرز بھارتی فلمیں خرید کر اسلامی ثقافت اور تاریخ کو تباہ و برباد کررہے ہیں۔ پنجاب سنسر بورڈ کا کہنا ہے کہ بورڈ کے تمام ممبران فلم کو دیکھتے ہوئے ہچکچاہٹ کا شکار ہوئے کیونکہ فلم میں خواتین کے اس مسئلے کو موضوع بنایا گیا تھا جس کے بارے میں عام طور پر کھلے عام بات نہیں کی جاتی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کم عمری میں جنسی طور پر ہراساں کیا گیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فلم ڈسٹری بیوشن کمپنی آئی ایم جی سی ابتدا میں فلم کو خریدنے کی منصوبہ بندی کررہی تھی لیکن سنسر بورڈ نے انہیں فلم نہ خریدنے کا مشورہ دیا۔ بعد ازاں بورڈ ممبران نے فلم کا ٹریلر دیکھنے کے بعد فیصلہ کیا کہ فلم کو پاکستان میں نمائش کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

واضح رہے کہ ہدایت کار آر بالکی کی فلم ''پیڈمین'' میں اکشے کمار، رادھیکا آپٹے اور سونم کپور نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، فلم کی کہانی بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر کویمبٹور کے سماجی کارکن اروناچلم کی گرد گھومتی ہے جنہوں نے اپنے علاقے میں خواتین کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |