بھارت آزاد فلسطینی ریاست کا خواہاں ہے نریندر مودی

فلسطینی عوام نے بہت سے چیلنجز کا دلیری اور بہادری سےمقابلہ کیا، بھارتی وزیر اعظم


ویب ڈیسک February 10, 2018
بھارت چاہتا ہے فلسطین بات چیت کے ذریعے ایک آزاد اور خودمختار ریاست بنے،مودی،فوٹو: روئٹرز

PRAGUE: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مذاکرات کے ذریعے فلسطین کو خود مختار ریاست دیکھنا چاہتا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی تاریخی دورے پر فلسطین پہنچ گئے جہاں انہوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر راملہ میں فلسطینی حکام سے ملاقاتیں کیں۔ فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات میں مسئلہ فلسطین کے پرامن حل پر زور دیا جب کہ دوطرفہ تعلقات میں توسیع سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

فلسطینی صدر سے ملاقات میں نریندر مودی نے آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت چاہتا ہے کہ فلسطین بات چیت کے ذریعے ایک آزاد اور خودمختار ریاست بنے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: اقوام متحدہ میں بیت المقدس پر ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف قرارداد منظور

اپنے ٹوئٹر پیغام میں بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ مشکل حالات میں بھی فلسطین اور بھارت کی دوستی قائم رہی، فلسطینی عوام نے بہت سے چیلنجز کا دلیری اور بہادری سے ڈٹ کرمقابلہ کیا جب کہ بھارت مستقبل میں بھی ہمیشہ فلسطین کی ترقی کے سفر کی حمایت کرتا رہے گا۔

قبل ازیں نریندر مودی نے فلسطینی وزیراعظم رمی حمداللہ سے ملاقات کی اور ان کے ہمراہ یاسر عرفات عجائب گھر کا دورہ بھی کیا۔

واضح رہے کہ نریندر مودی پہلے بھارتی وزیراعظم ہیں جنہوں نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کا دورہ کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں