اسپتال بنانے کیلیے زمین دی جائے میرا کی مریم نواز سے اپیل

خواہش کے باوجود اسپتال تعمیر نہیں کروا سکی، اداکارہ

گورنر، وزیراعلیٰ سندھ معذور بچوں کی دیکھ بھال کیلیے رقم مختص کریں،اداکارہ۔ فوٹو: ایکسپریس

فلم اسٹار میرا نے کہا کہ خواہش کے باوجود اسپتال تعمیر نہیں کروا سکی اس لیے مریم نواز سے اپیل کرتی ہوں کہ اسپتال بنانے کے لیے زمین فراہم کی جائے۔

میرا نے پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے توسط سے ذہنی معذور بچوں کے علاج اور دیکھ بھال کے مرکز دارالسکون کا دورہ کیا، دورے کے موقع پر اداکارہ میرا پیدائشی طور پر ذہنی امراض کے شکار بچوں میں گھل مل گئیں اور ادارے کی انتظامیہ سے بچوں کا فرداً فرداً احوال پوچھا۔

بعدازاں میڈیا سے بات چیت میں میرا کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل انھوں نے ایک اسپتال بنانے کا اعلان کیا تھا جس کے پیچھے دکھی لوگوں کی خدمت کرنے کا جذبہ تھا اور انھوں نے پنجاب حکومت سے اسپتال کی تعمیر کے لیے زمین دینے کی اپیل کی تھی مگر اب تک انھیں زمین مہیا نہیں کی جا سکی، وہ مریم نواز سے اپیل کرتی ہیں کہ انھیں زمین فراہم کی جائے۔


میرا کا کہنا تھا کہ دارالسکون میں ذہنی معذور بچوں کو دیکھ کر انتہائی دکھ ہوا مگر انھیں یہاں سے بھی ایک جذبہ اور حوصلہ ملا کہ اپنے روزہ مرہ کی زندگی میں ان بچوں کیلیے بھی وقت صرف کرنا چاہیے، کیونکہ انھیں پیار کی اشد ضرورت ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ سے درخواست کرتی ہیں کہ ان بچوں کی دیکھ بھال کیلیے رقم مختص کی جائے، میر ا کا کہنا تھا کہ وہ اپنے طور پر بھی ان بچوں کیلیے ہر ممکن خدمات دینے کا عزم کرتی ہیں۔

میرا کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ پاکستانی فلم ڈائریکٹرز کو یہ بات باور کروائیں گی کہ ان ذہنی معذور بچوں کو اپنی فلم کی کہانیوں کا موضوع بنا کر ان پر فلمیں بنائی جائیں تاکہ ان کے مسائل کو اجاگر کیا جا سکے۔
Load Next Story