ونٹرگیمز میں جرمنی کا ابتدائی دن 2 گولڈ میڈلز پر قبضہ

جنوبی کوریا، نیدرلینڈز اور سوئیڈن نے بھی ایک، ایک طلائی تمغہ حاصل کرلیا۔


Sports Desk/AFP February 11, 2018
جنوبی کوریا، نیدرلینڈز اور سوئیڈن نے بھی ایک، ایک طلائی تمغہ حاصل کرلیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ونٹر گیمز کے ابتدائی دن 5 گولڈ میڈلز کا فیصلہ ہوا جس میں جرمنی نے 2 طلائی تمغوں پر قبضہ جمالیا جب کہ جنوبی کوریا، نیدرلینڈز اور سوئیڈن نے بھی ایک ایک گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔

23ویں ونٹر گیمز کے ابتدائی دن جرمنی کی لیورا ڈیلمائر نے شاندار اسکی پر فارمنس سے طلائی تمغہ اپنے نام کرلیا، انھوں نے ویمنز 7.5 کلومیٹر بائتھلون اسپرنٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کی، ناروے کی میریٹ اولسبو نے سلور جبکہ جمہوریہ چیک کی ویرونیکا ویٹوکووا نے برانز میڈل پر اکتفا کیا۔

فن لینڈ کی کائیسا میکرانین کی پرفارمنس مایوس کن رہی، جرمنی کے آندریس ویلینگر نے مینز نارمل ہل انفرادی ایونٹ میں طلائی تمغہ جیت لیا۔نیدرلینڈز کی کارلیجن نے لیڈیز 3000 میٹر اسپیڈ اسکیٹنگ میں سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔مینز 1500 میٹر شارٹ ٹریک اسپیڈ اسکیٹنگ میں جنوبی کوریا کے لم ہیون نے بازی جیت لی۔

قبل ازیں مقابلوں کا پہلا طلائی تمغہ سوئیڈن نے جیتا، اسکائی تھلون ایونٹ میں سوئیڈن کی شارلوٹ کالا نے ناروے کی ماریٹ بوجیرگین کو اپ سیٹ شکست دیتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کرلی، ویمنز 7.5 کلو میٹر پلس 7.5 کلو میٹر اسکائی تھلوں میں شارلوٹ نے 40 منٹ 44.9 سیکنڈز کی پرفارمنس دکھائی، 7.8 سیکنڈ کے فرق سے بوجیرگین دوسرے نمبر پر رہیں، وہ اب تک ونٹر اولمپکس میں 11 میڈلز جیتنے میں کامیاب ہوچکی ہیں، برانز میڈل فن لینڈ کی کرسٹا پارما کوسکی کے نام رہا، الپائن کراس کنٹری سینٹر پر مقابلہ دیکھنے کیلیے شائقین کی بڑی تعداد موجود رہی۔

شمالی کوریا کے پہلے ایتھلیٹ پُرجوش خیرمقدم کے باوجود ناکام

شمالی کوریا کے پہلے ایتھلیٹ کی پیونگ چانگ ونٹرگیمز میں شمولیت پر پُرجوش خیرمقدم کیا گیا لیکن شارٹ ٹریک اسپیڈ اسکیٹنگ ایونٹ میں چیو اون سونگ مین راؤنڈ کیلیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہے، شمالی کوریا سے تعلق رکھنے والی چیئرلیڈرز نے چیو اون سونگ کو بھرپور سپورٹ کیا،25 سالہ اسکیئر 1500 میٹرایونٹ کے سیمی فائنل مرحلے تک رسائی نہ پا سکے۔

افتتاحی تقریب میں ٹیموں کی آمد کورین حرف تہجی کے لحاظ سے ہوئی

پیونگ چانگ گیمز کی افتتاحی تقریب میں یونان کے بعد افریقی ممالک کی وجہ ظاہر ہوگئی، مقامی انتظامی کمیٹی کا کہنا ہے کہ ٹیموں کی آمد کورین حرف تہجی کے لحاظ سے ہوئی، یونان کو اولمپکس گیمز کا روایتی بانی ہونے کی وجہ سے پہلا نمبر دیا گیا جس کے بعد گھانا، نائجیریا، جنوبی افریقہ اور پھر نیدرلینڈز کی ٹیمیں آئی تھیں، آرگنائزرز کا کہنا ہے کہ سب ٹیمیں اپنی ترتیب سے ہی آئیں اس میں کوئی غلطی نہیں ہوئی۔ یاد رہے کہ آخر میں دونوں کوریائی ممالک کی ٹیمیں ایک متحدہ پرچم کے تحت گراؤنڈ میں داخل ہوئی تھیں۔

سخت سردی میںایتھلیٹ کے شرٹ اتارکر آنے کا راز ناریل کا تیل نکلا

ونٹر گیمز کی افتتاحی تقریب میں سخت سردی میں ٹونگا کے ایتھلیٹ پیٹا ٹاؤفاٹوفا کے شرٹ اتارکر آنے کا راز ناریل کا تیل نکلا، ٹونگا میں روایتی طور پر جسم کو گرم رکھنے کیلیے کوکونٹ آئل استعمال کیا جاتا ہے۔ جمعے کو جب درجہ حرات منفی 10 ڈگری تھا تب تائیکوانڈو پلیئر پیٹا روایتی لنگی میں بغیر شرٹ کے اپنے ملک کا جھنڈا اٹھائے اسٹیڈیم میں داخل ہوئے تو لوگوں کو شدید حیرت ہوئی، انٹری سے قبل انھوں نے جسم پر اچھی طرح کوکونٹ کا تیل لگایا تھا جس سے ان کو حرارت ملتی رہی۔

افتتاحی تقریب،انٹرنیٹ کے پراسرار شٹ ڈاؤن نے منتظمین کی دوڑیں لگادیں

پیونگ چانگ گیمز کی افتتاحی تقریب کے موقع پر انٹرنیٹ کے پراسرار شٹ ڈاؤن نے منتظمین کی دوڑیں لگادی، مقامی وقت کے مطابق شام سوا 7 بجے اسٹیڈیم کا اندورنی انٹرنیٹ اور وائی فائی سسٹم کرش کرگیا جس کو ہفتے کی آدھی رات تک ٹھیک نہیں کیا جا سکا تھا، میزبان جنوبی کوریا نے روس کی جانب سے سائبر حملے کی وارننگ بھی جاری کی، بعد ازاں اس واقعے کی تحقیقات کیلیے بین الوزارتی ٹاسک ٹیم بھی قائم کردی گئی۔


 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔