شامی فوج نے اسرائیلی جنگی طیارہ تباہ کردیا صیہونی فورسز کی جواباً شدید گولہ باری

اسرائیلی طیارہ اپنی حدود کے اندر ہی گر کر تباہ ہوا، 2 پائلٹ زخمی۔


News Agencies February 11, 2018
تہران اور دمشق آگ سے کھیل رہے ہیں،ترجمان صیہونی فوج۔ فوٹو : اے ایف پی

شامی فوج نے اسرائیلی ایف 16 جنگی طیارہ تباہ کردیا۔

اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ شامی فورسز کی طیارہ شکن توپوں نے طیارے کو شمالی اسرائیل میں نشانہ بنایا جو اپنی حدود کے اندر ہی گر گیا۔ زخمی ہونے والے دونوں پائلٹوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

شام کے سرکاری ٹی وی کے مطابق شامی فضائیہ نے ایک سے زائد اسرائیلی طیاروں کو نشانہ بنایا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی طیارے نے شام کے وسط میں قائم فوجی اڈے پر حملے کی کوشش کی جو کہ نئی جارحیت کے مترادف ہے۔

دوسری جانب اسرائیل کا کہنا تھا اس کا جنگی طیارہ شام کے اندر اس ایرانی اڈے کو نشانہ بنانے والا تھا جہاں سے اسرائیل کیلیے ایک ڈرون چھوڑا گیا تھا۔

اس سے قبل اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے اپنی سرحد کے اندر ایرانی ڈرون مار گرایا ہے جو شامی سرحد سے داخل ہوا تھا۔ بعدازاں اسرائیل نے شام میں مبینہ ایرانی اڈے کو تباہ کرنے کیلیے اپنا جنگی طیارہ ایف 16 روانہ کیا تھا لیکن شامی فورسز کی طیارہ شکن توپوں کی زد میں آکر تباہ ہوگیا جس کی تصدیق اسرائیل نے کی۔

انھوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی حدود کے اندر ایرانی حملہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے، ایران خطے کو ایک نئے محاذ پر لے جارہا ہے جس کی اختتامی حد کے بارے میں کوئی کچھ نہیں جانتا اور اس واقعے کے اصل ذمہ دار کو قیمت ادا کرنا پڑے گی۔ جنگی طیارہ تباہ ہونے کے بعد اسرائیل نے شام میں جوابی فضائی کارروائیاں کی ہیں۔

اسرائیلی آرمی نے کہا کہ اس نے شام میں 12 اہداف کو نشانہ بنایا ہے جس میں 4 ایران فوجی اڈے شامل ہیں۔ دمشق کے اطراف میں زوردار دھماکوں کی آواز بھی سنائی دی گئی ہے۔ اسرائیلی فضائیہ نے حمص کے صحرائی علاقے میں واقع ایک ڈرون سینٹر کو نشانہ بنایا۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل جوناتھن کونریکوس نے خبردار کیا ہے کہ ایران اور شام آگ سے کھیل رہے ہیں۔ شام اور ایران نے مشترکہ بیان میں اسرائیلی الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی ڈرون نے اسرائیلی حدود کی خلاف ورزی نہیں کی تھی۔

روس کا کہنا ہے کہ فریقین صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔ ایرانی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہوئے ایک بیان میں اسرائیل کے اس دعویٰ کو مضحکہ خیز قرار دیا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ اسرائیل نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کے نتیجے میں ایک ایرانی ڈرون مار گرایا ہے۔

ادھر ترک فوج کا ہیلی کاپٹر شامی علاقے عفرین میں کرد ملیشیا کے خلاف کارروائی کے دوران گر کر تباہ ہوگیا جس میں 2 ترک فوجی ہلاک ہوگئے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔