گھر پر آرٹ کا شوق بچوں اور بڑوں دونوں کے لیے مفید ہے

گفٹ کے باکس بچے بہت شوق سے بناتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے سخت چارٹ استعمال کر یں اور اس کو گفٹ کی جسامت کے مطابق فولڈ کرلیں


سمیرا انور February 11, 2018
چھوٹے چھوٹے کارٹون بنوا کر ان کی ڈرائنگ کو مزید پختہ بنائیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا

'' امی جان ! مجھے واٹر کلرز کی ضرورت ہے، یہ ڈرائنگ ابھی مکمل کرنی ہے۔'' دس سالہ عبدالواسع نے اپنی امی جان کی طرف دیکھتے ہوئے فرمائش کی۔

'' اف بیٹا! یہ کام چھوڑو اور پہلے اپنا ہوم ورک مکمل کرو۔ اس میں ویسے بھی زیادہ وقت لگتا ہے اور تمہیں اس پر پہلے توجہ دینی ہوگی۔'' امی جان نے غصے سے کہا۔

''لیکن امی جان! میں تو اپنا سارا ہوم ورک پہلے ہی مکمل طور پر ختم کرچکا ہوں اور پھر میری اس ڈرائنگ کی پوری کلاس میں سب نے خوب تعریف کی ہے، بس رنگ کرنا ہی باقی رہ گیا ہے۔'' عبدالواسع کا چہرہ اپنی کامیابی پر خوشی سے کھل رہا تھا۔

یہ کہانی صرف ایک گھر کی نہیں ہے، بلکہ اکثر گھروں میں ایسا ہی ہوتا ہے کہ نہ چاہتے ہوئے بھی بچوں کی فن کارانہ صلاحیتوں کو بلا وجہ منجمد کردیا جاتاہے ۔

ہم سب کا مشاہدہ ہے کہ بچے رنگوں کی طرف بہت مائل ہوتے ہیں۔ وہ پینسل سے مختلف اشکال بنانے کی کوشش میں لگے رہتے ہیں۔ ان کی اس خوبی کو اپنی ڈانٹ ڈپٹ کا شکار نہ ہونے دیں، بلکہ آپ کو چاہیے کہ ان کی دل چسپی اور ہنر کو دیکھتے ہوئے اس فن میں ان کی بھرپور مدد بھی کریں اور ان کی حوصلہ افزائی بھی کریں ۔ آپ کی ذرا سی توجہ اور حوصلہ افزائی ان کے احساسات کو عملی جامہ پہنانے کے ساتھ ساتھ ایک اچھا آرٹسٹ یا مصور منظر عام پر لا سکتی ہے۔

بچے جب اپنے اساتذہ کے لیے کارڈ خریدنے کی ضد کرتے ہیں تو آپ تھوڑی سی کوشش اور محنت سے یہ کارڈ گھر پر ہی ان کو بناکر دے سکتی ہیں۔ اس سے ایک طرف تو ان کا شوق ابھرے گا اور پھر وہ خود بھی کارڈ بنانے کی کوشش کریں گے۔ اس مقصد کے لیے سرخ یا نیلے رنگ کی فارمک شیٹ یا ہارڈ چارٹ استعمال کریں۔ اگر مستطیل نما بنانا چاہتے ہیں تو اسی طرز پر کاٹ لیں۔

اس کے علاوہ چوکور نما اور گول سائز کے کارڈ بھی پسند کیے جاتے ہیں، لیکن اس سلسلے میں بچوں کی فرمائش کو مدنظر رکھیے۔ کارڈ کی کٹنگ کے بعد اس کے چاروں طرف پینسل سے بارڈر بنالیں جس میں چھوٹے چھوٹے ستارے بھی بنائے جاسکتے ہیں پھر کارڈ کی مناسبت سے انہیں رنگ بھی کیا جاسکتا ہے، اور اس کے بعد سامنے والی سطح پر فارمک شیٹ سے بنا ہوا ایک پھول لگادیجیے جس سے اس کی خوب صورتی میں اضافہ ہوگا۔

کارڈ کے اندر والی سطح بھی ہلکے پھلکے رنگوں سے سجائی جاسکتی ہے۔ یہ کارڈ بہت آسانی سے کم وقت میں بنایا جاسکتا ہے۔ گفٹ کے باکس بچے بہت شوق سے بناتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے سخت چارٹ استعمال کر یں اور اس کو گفٹ کی جسامت کے مطابق فولڈ کرلیں۔ فولڈنگ کے لیے جو چاہے طریقہ اختیار کرلیں۔ گوند سے اچھی طرح کونے جوڑنے کے بعد اس پر مختلف رنگوں سے سجاوٹ اور آرائش کرلیں، اس کے لیے آپ نرم چارٹ یا سادہ کاغذ سے بنے پھول بھی لگاسکتی ہیں۔

اس عمل میں بچوں سے بھی پریکٹس کروائیں۔ آپ مشاہدہ کیجیے گا کہ وہ بہت لگن اور محنت سے کام کریں گے۔ کچھ بچوں سے کٹنگ اچھی نہیں ہوسکے گی، لیکن آپ ان کی دل شکنی بالکل نہ کریں، بلکہ انھیں مزید اچھے طریقے سے کام کرنے پر راغب کریں، آپ کی کوشش ضرور رنگ لائے گی اور وہ عمدہ قسم کا پھول بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ گفٹ باکس کے سامنے والے حصے پر پھولوں کے جھرمٹ میں ''خوش آمدید '' لکھ دیں جس سے خوش نمائی میں مزید اضافہ ہوگا۔

بچوں کو مختلف قسم کے ڈیزائن سکھانے کے بعد ان کے ذمے ایک عملی کام یہ لگادیں کہ جب وہ اپنا اسکول کا ہوم ورک مکمل کرلیں تو فارمک پیپر یا چارٹ کے پھول بنائیں اور ایک ہفتے میں سات پھول مکمل کریں۔ اس دوران آپ ایک پلاسٹک کا گل دان منگوائیں جس میں صرف شاخیں ہوں اور پھر ان سے وہ پھول ایک ایک شاخ پر لگوائیں۔ اس عمدہ سرگرمی سے بچوں میں نہ صرف سیکھنے کا فن پیدا ہوگا، بلکہ وہ دلچسپی سے اس کام میں مگن بھی ہوجائیں گے اور اس کو مکمل کرنے میں خوشی بھی محسوس کریں گے۔ اس سے یہ فائدہ بھی ہوگا کہ آپ کو جو ورک بکس کے لیے ٹیگ خرید کر دینے پڑتے تھے، اب بچے وہ سب اپنی پسند سے بنانا شروع کردیں گے ۔

واٹر کلر کے شوقین بچوں کو گھر میں موجود خالی مگ یا گلاس دے دیں، تاکہ وہ اس پر مختلف رنگوں کے شیڈز لگا کر اپنا شوق پورا کرسکیں۔ سفید چارٹ لے کر اس پر ایک درخت کا نمونہ بنادیں جسے دیکھ کر بچے دوبارہ ایسا ہی بنائیں گے۔ آپ مشاہدہ کریں گی کہ بچے آپ کے بنائے ہو ئے درخت کو اپنے طریقے سے بنانے کے ساتھ ساتھ اس پر کچھ پھل بھی لٹکا دیں گے او ر پھر اپنی کامیابی پر طمانیت کا اظہار کریں گے ۔

چھوٹے چھوٹے کارٹون بنوا کر ان کی ڈرائنگ کو مزید پختہ بنائیں۔ آج کل مارکیٹ میں بیڈز دست یاب ہیں ان کو مختلف طریقوں سے آپس میں جوڑ کر خوب صورت اور دل کش ڈیزائننگ کی جاسکتی ہے اور ان پر رنگ بھی اپنی مرضی سے کیے جاسکتے ہیں۔ بچوں کی خریداری کے لیے ان کے بیگ بھی آپ بہ آسانی گھر پر بنا سکتی ہیں۔ رنگ دار چارٹ لے کر اس کو مناسب سائز میں کاٹ لیں اور پھر گوند سے اس کے کونے اس طرح آپس میں چسپاں کریں کہ وہ کھل نہ سکیں۔ اب یہ فولڈنگ چارٹ ایک بیگ کی شکل اختیار کرلے گا ۔ اس کی بالائی سطح کے دونوں اطراف درمیان سے پکڑ کر سوراخ کرلیں۔

اس کے بعد ایک مضبوط قسم کی ڈوری لیں اور اس کو ان سوراخوں سے گزارنے کے بعد کچھ کھلا چھوڑ کر اچھی طرح باندھ دیں۔ اس طرح آپ ایک خوب صورت سا شاپنگ بیگ تیار کرنے کے قابل ہو جائیں گی۔ آپ کی اس سرگرمی سے بچے بھی اپنے لیے ایسے بیگ تیار کرنا شروع کردیں گے جو ایک خوشگوار تبدیلی ہے جس سے ان کی ذہنی نشوونما بھی ہوگی اور وہ خوشگواریت بھی محسوس کریں گے۔ بچوں سے سبزیوں اور پھلوں کی مختلف اشکال بنوائیں اور اس کے بعد عمدہ قسم کے واٹر کلر کرکے انھیں باورچی خانے میں بھی سجایا جاسکتا ہے ۔

بچوں میں آرٹ کا شوق پیدا کرنا بہت ضروری ہے، کیوں کہ وہ اس سے بہت کچھ سیکھتے ہیں ۔ اس ضمن میں آپ کے گھر کا ماحول بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ والدین کی اس میں دل چسپی بھی بچوں کو اس فن کی طرف مائل کرتی ہے، اس لیے کوشش کریں کہ بچوں کی اس مہارت سے فائدہ اٹھائیں اور انھیں رنگوں سے بھرپور ماحول مہیا کریں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں