چوہدری نثار تحریک انصاف میں آجائیں تو اچھا ہے عمران خان

نواز شریف اور آصف زرداری بیرون ملک اپنے اربوں ڈالر واپس لے آئیں تو اُن کی توبہ قبول ہے، چیئرمین تحریک اںصاف

بلاول سے اتحاد کا مطلب آصف زرداری سے اتحاد ہے جو کہ ناممکن ہے، عمران خان، فوٹو: فائل

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر چوہدری نثار تحریک انصاف میں آجائیں تو اچھا ہے کیوں کہ سیاست میں بعض اوقات دل بڑا کرنا پڑتا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری بیرون ملک اپنے اربوں ڈالر واپس لے آئیں تو اُن کی توبہ قبول ہے جب کہ بلاول سے اتحاد کا مطلب آصف زرداری سے اتحاد ہے جو کہ ناممکن ہے، اگر چوہدری نثار آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں تو ہوسکتا ہے اُن کی حمایت کریں اگر چوہدری نثار تحریک انصاف میں آجائیں تو اچھا ہے کیوں کہ سیاست میں بعض اوقات دل بڑا کرنا پڑتا ہے۔


اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی اطلاعات پر عمران خان کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں سے باہر نکلنے کا سوچ رہے تھے، اچھا ہوا ہم اسمبلیوں سے نہیں نکلے، ہم نے 6 سینیٹرز کے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے، مولانا سمیع الحق ہمارے اتحادی ہیں، اضافی ووٹ ہوئے تو انہیں دے سکتے ہیں لیکن اقتدار میں آکر سینیٹ کا الیکشن براہ راست کرائیں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ لگ یہی رہا ہے کہ عام انتخابات وقت پر ہوں گے، نگران حکومت آتے ہی بہت سارے لوگ ن لیگ کو چھوڑ دیں گے پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ چیئرمین سینیٹ کی نشست حاصل کرنے کے لیے پیسے لگا رہے ہیں جب کہ ایک شخص نے مجھے سینیٹ ٹکٹ کے لیے 40 کروڑ روپے کی آفر کی۔ سینیٹ الیکشن کے بعد آئندہ الیکشن کے لیے ٹکٹس جاری کریں گے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ خواجہ آصف قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، میری ججز سے درخواست ہے کہ خواجہ آصف کا کیس روزانہ کی بنیاد پر سنیں جب کہ خواجہ آصف کا اپنا گھر ٹھیک کرنے کا بیان قومی سلامتی پر حملہ ہے۔
Load Next Story