یوم علیؓ کا مرکزی جلوس ٹریفک کیلئے متبادل راستوں کا اعلان

کسی بھی گاڑی کو جلوس کے راستے میں پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی،...


Staff Reporter August 09, 2012
کسی بھی گاڑی کو جلوس کے راستے میں پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی، ٹریفک پولیس،جلوس نشترپارک سے برآمد ہوگا

KARACHI: ٹریفک پولیس نے حضرت علیؓ کے یوم شہادت کے موقع پر نکلنے والے مرکزی جلوس کے حوالے سے ٹریفک کے متبادل راستوں کا اعلان کردیا، ٹریفک پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ زحمت سے بچنے کیلیے جمعہ کو ایم اے جناح روڈ کم سے کم استعمال کیا جائے جبکہ کسی بھی گاڑی کو جلوس کے راستے میں پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔

ٹریفک پولیس سے جاری اعلامیے کے مطابق جمعہ 10 اگست 21 رمضان المبارک کو دوپہر ایک بجے ماتمی جلوس نشتر پارک سے روانہ ہوگا جوکہ سرشاہ نواز بھٹو روڈ، ایم اے جناح روڈ، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، پریڈی اسٹریٹ، بولٹن مارکیٹ اور نواب محبت خانجی روڈ سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا، اس سلسلے میں ٹریفک پولیس نے متبادل راستوں کا اعلان کیا ہے، جیسے ہی جلوس نشتر پارک سے روانہ ہوگا تو شہر سے آنے والا تمام ٹریفک ایم اے جناح روڈ فریئر چوک سے فوری طور پر بہادر یار جنگ روڈ کی جانب موڑ دیا جائیگا۔

بہادر یار جنگ روڈ پر تمام ٹریفک ڈاکٹر دائود پوتا روڈ جنکشن سے لے کر خان بہادر نقی محمد خان روڈ (پرانا بریٹو روڈ) تک یک طرفہ چلے گا، تمام بسیں، منی بسیں اور ٹرک جوکہ ناظم آباد کی جانب سے آئیں گے انھیں نشتر روڈ پر گارڈن کی جانب لسبیلہ چوک سے موڑ دیا جائیگا، لیاقت آباد سے آنے والا ٹریفک مارٹن روڈ سینٹرل جیل کی جانب موڑ دیا جائے گا جہاں سے انھیں جمشید روڈ کی جانب بھیجا جائے گا، آگے جاکر گاڑیاں دادا بھائی نورو جی روڈ کی جانب موڑ دی جائیں گی اور کشمیر روڈ، شارع قائدین، شارع فیصل، گورا قبرستان اقبال شہید روڈ، لکی اسٹار اور ڈاکٹر دائود پوتا روڈ پریڈی سے ہوتی ہوئی اپنے روٹ پر جائیں گی۔

جب جلوس کا اگلا سرا ایم اے جناح روڈ منسفیلڈ اسٹریٹ پہنچے گا تو یہ گاڑیاں ای ایم ای ورکشاپ سے ہوتی ہوئی اقبال شہید روڈ، لکی اسٹار، سرور شہید روڈ فاطمہ جناح روڈ سے ہوتی ہوئی آئی آئی چندریگر روڈ کی جانب جائیں گی، اسٹیڈیم سے آنے والی گاڑیاں براستہ ایم اے جناح روڈ جائیں گی، انھیں نیو ایم اے جناح روڈ جنکشن سے دادا بھائی نورو جی روڈ اور کشمیر روڈ کی جانب بھیج دیا جائیگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں