پی ایس ایل 3 سیکیورٹی انتظامات پر عالمی ماہرین کا اطمینان

کچھ معاملات پر تحفظات ہیں، فیصلہ کرنا میرا کام نہیں ہے، اپنی رپورٹ 7 دن میں حکام کو پیش کردوں گا، ریگ ڈکسن


Sports Reporter February 12, 2018
حکومت انعقاد کو ممکن بنانے کی ہر ممکن کوشش کریگی، انورسیال۔ فوٹو: فائل

غیر ملکی سیکیورٹی کنسلٹنٹ ریگ ڈکسن نے پی ایس ایل 3کے فائنل کے لیے سیکیورٹی انتظامات کواطمینان بخش قرار دینے کے ساتھ بعض معاملات پراپنے تحفظات کا اظہارکردیا۔

ریگ ڈکسن ان کا کہنا ہے کہ 25 مارچ کو فائنل کراچی میں منعقد کرانے کا فیصلہ کرنا میرا کام نہیں ہے، میں اپنی رپورٹ7 دن میں پیش کردوں گا، انھوں نے اس امر کا اظہار اتوار کو ہونے والی فل ڈریس ریہرسل اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سیکیورٹی کنسلٹنٹ کا کہنا تھا کہ اداروں کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ اور پریزینٹیشن بہت مفصل اوربھر پور رہی جس سے میں بہت مطمئن ہوں اور یہ میری رپورٹ کی تیاری کے لیے سود مند رہیں گی لیکن کچھ معاملات پر تبادلہ خیالات کرنا ہے لیکن یہ کہہ سکتا ہوں مثبت توقعات ہیں۔

اس موقع پر سندھ کے وزیرداخلہ سہیل انورسیال کا کہنا تھاکہ صوبائی حکومت کراچی میں فائنل کے انعقاد کو ممکن بنانے کی ہر ممکن کوشش کریگی۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل تھری کے فائنل کے سلسلے میں سیکیورٹی ریہرسل اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے دونوں غیرملکی ماہرین ہفتے کو دبئی سے کراچی پہنچے تھے، دونوں سیکیورٹی ماہرین نے اتوار کو ہونے والی فل ڈریس ریہرسل کا بغورجائزہ لیا۔

سیکیورٹی ماہرین نے قائد اعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مقامی فائیو اسٹارہوٹل، وہاں سے نیشنل اسٹیڈیم اوراسٹیڈیم سے دوبارہ ہوٹل تک تمام راستوں پر ہونے والی فل ڈریس ریہرسل دیکھی، بعدازاں انھوں نے نیشنل اسٹیڈیم کے مختلف حصوں اورگراؤنڈ کے اطراف کا معائنہ کیا، اس کے بعد اعلیٰ سطحی اجلاس میں انتظامیہ اورقانون نافذکرنے والے اداروں کی جانب سے تفیصلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں سندھ کے وزیر داخلہ سہیل انورسیال، پی سی بی کے ڈائریکٹرسیکیورٹی کرنل(ر) اعظم، ارشد خان و دیگر بھی موجود تھے، غیرملکی سیکیورٹی ماہر اپنی آرا کی روشنی میں7 دن میں اپنی رپورٹ مرتب کرکے تجاویز بھی پیش کریں گے، واضح رہے کہ انھوں نے اپنے گزشتہ دورۂ کراچی کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اورآئی جی سندھ سمیت دیگر ذمے داروں سے ملاقاتوں کے ساتھ سیکیورٹی اقدامات کے سلسلے میں دی جانے والی بریفنگ کے بعد بعض تجاویزپیش کی تھیں۔

یاد رہے کہ پاکستان سپرلیگ کا تیسرا ایڈیشن 22 فروری سے شروع ہوگا اور فیصلہ کن معرکہ 25 مارچ کو کراچی میں منعقد کرانے کا منصوبہ ہے، ابتدائی دو ایڈیشنز کے برعکس اس بار ایونٹ میں ملتان سلطانز کا اضافہ کیاگیا ہے، اس کے بعد ایونٹ میں شریک ٹیموں کی تعداد بڑھ کر 6 ہوگئی ہے۔

افتتاحی میچ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان ہوگا، ایونٹ میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز اور لاہور قلندرز بھی ایکشن میں دکھائی دیں گی، دو پلے آف میچز لاہور میں بھی منعقد کرانے کا پروگرام طے کیاگیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔