ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سردی میں پھر اضافہ

راولپنڈی، گوجرانوالہ، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور،اور گلگت بلتستان میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان


ویب ڈیسک February 12, 2018
بار ان رحمت برسنے پر لوگوں نے اللہ تعالی کا شکر اداکیا؛ فوٹوفائل

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک کے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں اور پہاڑوں پر برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ سردی کا اثر سندھ کی ساحلی علاقوں پر بھی پڑا ہے جس کی وجہ سے کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں ٹھنڈی ہوائیں چلنی شروع ہوگئی ہیں۔

حافظ آباد اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، ننکانہ صاحب ،نارنگ منڈی اور گردونواح میں گرج چمک، تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ سیالکوٹ شہر اور گردونواح میں بھی موسلادھار بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

پنجاب میں بھی گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، میانوالی کے اکثرمقامات پربوندابادی سے موسم انتہائی سرد ہوگیا۔ کامونکے اور گردونواح میں رات بھر سے وقفہ وقفہ سے جاری گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا جب کہ بارش کے ساتھ چلنے والی یخ بستہ ہواؤں سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔



کندیاں چشمہ پپلاں اور گردونواح میں مسلسل 8 گھنٹوں سے جاری بارش کے باعث گندم اور چنے کی مرجھاتی فصلوں کو بہت زیادہ فائدہ پہنچا ہے، کسانوں نے بارش کو ابر رحمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بارش کے باعث ان کی مرجھاتی ہوئی فصلیں ایک بار پھر لہلہانے لگی ہیں۔ بارش کے باعث دو ماہ سے زائد عرصہ تک رہنے والی خشک سالی سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے، کسانوں کا کہناہے کہ گندم کی فصل کیلئے بارشوں کی سخت ضرورت تھی، بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے بارانی علاقوں میں گندم کی فصل بری طرح متاثرہورہی تھی، بار ان رحمت برسنے پر لوگوں نے اللہ تعالی کا شکر اداکیا۔



خیبر پختونخوا میں بنوں اور گردونواح میں موسم سرما کی پہلی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، پشاورمیں بھی 2 ماہ بعد رات سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بارش سے شہر میں جل تھل ہوگیا اور سردی بھی بڑھ گئی، بارش کے باعث پشاور کی سڑکیں کیچڑ سے بھر گئیں تاہم فضاؤں میں معلق گرد صاف ہوگئی اور طویل خشکی کا خاتمہ ہوگیا۔ شمالی وزیرستان میں بھی بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، ایجنسی کے پہاڑی علاقے شوال، بیرمل، لواڑ منڈی اور رزمک میں پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی، سوات کے علاقے مینگورہ، کالام ، ماہو ڈھنڈ، مالم جبہ، دیر لوئر میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب منڈی بہاؤالدین شوگر مل روڈ پربارش کے باعث مکان کی بوسیدہ چھت گر گئی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ بارش دیر میں 22، کالام 13، پاراچنار 12، میرکھانی 07، دیر زیریں 05، مالم جبہ 04، چترال 03، دروش 01 اور بلوچستان کے علاقے خضدار میں 11، قلات 08، کوئٹہ03 ، ژوب 01، پنجاب میں بہاولپور میں 04 اور کوٹ ادو میں 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان ڈویژن، بالائی فاٹا، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں