پنجاب میں لڑکیوں کی ریڑھ کی ہڈی سے گودا نکالنے والا گروہ گرفتار

ندیم، اسلم اور آمنہ لڑکیوں کو جہیز کا لالچ دے کر ان کا بون میرو نکال کر آگے بیچ دیتے تھے


Numainda Express February 12, 2018
ندیم، اسلم اور آمنہ لڑکیوں کو جہیز کا لالچ دے کر ان کا بون میرو نکال کر آگے بیچ دیتے تھے۔ فوٹو: فائل

غریب گھرانوں کی لڑکیوں کی ریڑھ کی ہڈی کا گودا بیچنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا گیا اور ملزمان میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

حافظ آباد میں جہیز پیکیج کا لالچ دے کر غریب گھرانوں کی لڑکیوں کی ریڑھ کی ہڈی سے بون میرو اور دیگر مواد نکالنے کا مکروہ دھندہ کرنے والے گروہ کا انکشاف ہوا ہے ۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون سمیت متعدد ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرتے ہوئے تفتیش شروع کردی ہے۔

تھانہ سٹی پولیس کو مخبری ہوئی کہ محمد اسلم ہنجرا، اس کی بیوی آمنہ بی بی اور ملزم ندیم نے گھر میں اپنا دھندہ شروع کر رکھا ہے۔ وہ ان پڑھ لڑکیوں کو جہیز پیکیج کا جھانسہ دے کر ورغلاتے اور ان کے میڈیکل نمونے کی آڑ میں ریڑھ کی ہڈی سے بون میرو اور دیگر قیمتی مواد سرنج کے ذریعے نکال کر آگے فروخت کرتے ہیں۔

پولیس کے مطابق محلہ شریف پورہ كا رہائشی ندیم خود كو ڈی ایچ كیو اسپتال كا ملازم ظاہر كرتا ہے۔ ملزمہ آمنہ بی بی نے اعتراف كیا كہ وہ ایک گروہ كی شكل میں طویل عرصہ سے یہ کام كررہے ہیں اور اب تک 90 كے قریب غریب لڑكیوں كے جسموں سے مواد نكالا جا چكا ہے۔ ذرائع كے مطابق متاثرہ لڑكیاں شدید جسمانی تكلیف میں مبتلا ہیں اور علاج معالجہ كے باوجود تندرست ہونے كی بجائے دن بہ دن مزید کمزور اور نیم اپاہج ہو چكی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔