سینیٹ الیکشن اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی مسترد

الیکشن کمیشن نے اکاؤنٹ کی مصدقہ کاپیاں جمع نہ کرانے پر اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی کو مسترد کیا


ویب ڈیسک February 12, 2018
الیکشن کمیشن نے اکاؤنٹ کی مصدقہ کاپیاں جمع نہ کرانے پر اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی کو مسترد کیا فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے لیے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے۔

الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کیلئے سابق وزیر خزانہ اور نیب ریفرنسز میں اشتہاری ملزم اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی پر پاکستان تحریک انصاف کے اعتراضات سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ اس موقع پر تحریک انصاف نے موقف اپنایا کہ جو بینک اکاؤنٹ کھلوایا گیا تھا، اسحاق ڈار نے اس کی مصدقہ کاپیاں جمع نہیں کرائیں جب کہ دوسرے اکاؤنٹ میں اسحاق ڈار کے جعلی دستخط ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈارنے سینیٹ الیکشن کے لیے فارم حاصل کرلیا

الیکشن کمیشن نے اسحاق ڈار کے وکیل کو اکاؤنٹ کی مصدقہ کاپیاں جمع کرانے کے لیے وقت دیا تاہم مقررہ وقت ختم ہونے پر اسحاق ڈار کے وکیل نے اکاؤنٹ کی مصدقہ کاپیاں جمع نہیں کرائیں جس پر الیکشن کمیشن نے اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی کو مسترد کردیا۔ اسحاق ڈار نے مسلم لیگ ن کی جانب سے سینیٹ میں ٹیکنو کریٹ کی سیٹ پر کاغذات جمع کروائے تھے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے اسحاق ڈار کی سینیٹ میں نامزدگی کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اسحاق ڈار اشتہاری اور بددیانت ہیں جب کہ سینیٹ کے امیدوار کا دیانتدار ہونا ضروری ہے۔ اسحاق ڈار بیرون ملک ہیں جبکہ ان کے کاغذات نامزدگی پر دستخط اور ان کے ہمراہ جمع کرائی جانے والی دستاویزات بھی جعلی ہیں۔ نیز اسحاق ڈار نے ایک ہی بینک اکاؤنٹ پر دو کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جو غلط ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں