بلاول نے پارٹی امیدواروں کے ناموں کی حتمی منظوری دیدی

مرکزی امیدواروں کااعلان امین فہیم،صوبائی امیدواروں کااعلان صوبائی صدورکرینگے, کائرہ


Staff Reporter March 29, 2013
انتخابی مہم خودچلاؤنگا،وڈیو لنک پرگفتگو،4اپریل کوجلسے سے خطاب کرینگے،کائرہ فوٹو: فائل

KARACHI: پاکستان پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹوزرداری نے ملک بھر میں آئندہ عام انتخابات کے لیے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر پارٹی امیدواروں کے ناموں کی حتمی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق مرکزی سطح پر امیدواروں کے ناموںکا اعلان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر مخدوم امین فہیم کریں گے جبکہ صوبوں کی سطح پر امیدواروں کے ناموں کا اعلان پارٹی کے صوبائی صدورکریں گے۔

جمعرات کو برطانیہ سے وڈیو لنک کے ذریعے پارٹی کی مرکزی قیادت سے بات چیت کرتے ہوئے بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی انتخابی مہم میں خود چلائوں گا اور آئندہ انتخابات میں پارٹی ملک بھر سے بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ انھوں نے کہاکہ میں شہید بھٹو کانواسا اور شہید بینظیر کا بیٹا ہوں، انکا مشن جاری رکھوں گا۔



پارٹی کے اہم ذرائع نے بتایاکہ بلاول بھٹو جمعرات کو پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے مرکزی اور چاروں صوبائی پارلیمانی بورڈز سے مسلسل رابطے میں رہے اور انھوں نے تفصیلی مشاورت کے بعد حتمی فہرست کی منظوری دی۔ ذرائع کا کہناہے کہ بلاول بھٹوزرداری نے پارٹی قیادت کو ہدایت کی ہے کہ تمام نشستوں پر امیدوار جلدازجلد کاغذات نامزدگی جمع کرائیں۔

اس حوالے سے رابطہ کرنے پر پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات قمرزمان کائرہ نے کہاکہ بلاول بھٹو کی پارٹی رہنمائوں سے اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ انھوں نے کہاکہ بلاول بھٹو جلد وطن واپس آرہے ہیں اور4اپریل کو لاڑکانہ میں شہیدذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر ہونے والے جلسے سے خطاب بھی کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں