پی ایس ایل فائنل میں غیر ملکیوں کا ممکنہ انکار بیک اپ کھلاڑیوں پر انحصار کیا جائے گا

سیکیورٹی ماہرین کی رپورٹ آنے پر پلیئرز کے دلوں سے خوف نکل جائے گا، نجم سیٹھی

پاکستان میں کھیلنے کیلیے2 یا 3 نمبر نہیں بلکہ بہترین کھلاڑی آئیں گے،چیئرمین۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
پی ایس ایل فائنل کیلیے غیر ملکی کرکٹرز کے کراچی آنے سے انکار کی صورت میں بیک اپ پلیئرز پر انحصار کیا جائے گا۔

رواں سال پی ایس ایل کے 2پلے آف لاہور جبکہ فائنل کراچی میں کرانے کا پلان بنایا جا چکا ہے، پیر کو غیر ملکی سیکیورٹی ماہرین ریگ ڈکسن اور رچرڈ ڈینس نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ہوٹل اور اسٹیڈیم کے روٹس سمیت سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا،فل ڈریس ریہرسل دیکھنے کے بعد ریگ ڈکسن نے مثبت خیالات کا اظہار کیا۔

پی سی بی حکام بھی پُرامید ہیں کہ غیر ملکی ماہرین کی حوصلہ افزا رپورٹ لاہور کے بعد کراچی میں بھی انٹرنیشنل کرکٹ کے راستے کھولنے میں اہم ثابت ہوگی۔


دوسری جانب تمام تر اقدامات کے باوجود غیر ملکی کرکٹرز کی جانب سے کراچی آنے سے انکار کا خدشہ رد نہیں کیا جاسکتا، گذشتہ ایڈیشن کا فائنل لاہور میں کھیلا گیا تو کیون پیٹرسن سمیت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیشتر غیر ملکی کھلاڑیوں نے شرکت سے گریز کیا، اس وجہ سے میچ کا رنگ پھیکا پڑ گیا۔

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے ایسی صورتحال پیدا ہونے پر بیک اپ پلیئرز پر انحصار کرنے کا اشارہ دیا ہے،ایک انٹرویو میں انھوں نے امید ظاہر کی کہ کراچی میں فل ڈریس ریہرسل دیکھنے والے غیر ملکی سیکیورٹی ماہرین کی رپورٹ کا انتظار ہے، اس کے سامنے آنے پر کھلاڑیوں کے دلوں سے خوف نکل جائے گا۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ کراچی میں فائنل کرواکے رہیں گے، نئے ڈرافٹ میں شامل ہر پلیئر نے پاکستان آنے کی حامی بھری لیکن کسی کے دل میں کیا ہے کچھ کہہ نہیں سکتے، ہمارا بیک اپ پلان بھی مضبوط ہے،پاکستان میں کھیلنے کیلیے 2یا 3نمبر نہیں بلکہ بہترین کھلاڑی آئیں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کرانے کیلیے اعتماد کی بحالی کا سفر شروع ہوچکا،یہ سلسلہ آگے بڑھتا رہے گا،ہاتھ مضبوط کرنے کے بعد آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کو بھی دعوت دینگے، پوری امید ہے کہ آگے چل کر کئی غیرملکی ٹیمیں پاکستان آنے کو تیار ہونگی۔یاد رہے کہ پی ایس ایل کا تیسرا ایڈیشن 22 فروری سے دبئی میں شروع ہورہا ہے۔
Load Next Story