جرمنی کی حکمرانی برقرار 4 گولڈ میڈلز پر قبضہ

لیورا نے دوسرا طلائی تمغہ جیت لیا، فیگر اسکیٹنگ میں کینیڈا کا پہلا نمبر۔

لیورا نے دوسرا طلائی تمغہ جیت لیا، فیگر اسکیٹنگ میں کینیڈا کا پہلا نمبر۔ فوٹو: سوشل میڈیا

پیونگ چانگ ونٹر اولمپکس کے تیسرے دن 7 ایونٹس میں طلائی تمغوں کا فیصلہ ہوگیا جب کہ جرمنی 4 گولڈز کے ہمراہ ٹاپ پوزیشن پر قابض رہا۔

بائتھلون اسٹار لیورا ڈالمیئر نے مقابلوں میں دوسرا طلائی تمغہ جیت لیا، انھوں نے ویمنز10 کلومیٹر میں پہلی پوزیشن لی۔ سلواکیہ کی اناستاسیا کوزمینا نے سلور جبکہ فرانس کی اینیاس بیسکونڈ نے برانز میڈل پایا، ویمنز سنوبورڈ سلوپ اسٹائل ایونٹ میں امریکا کی جیمی اینڈرسن نے گولڈ، کینیڈا کی لیوری بلوئن نے سلور جبکہ فن لینڈ کی اینی نے برانز میڈل جیت لیا۔فیگر اسکیٹنگ مکسڈ ٹیم ایونٹ میں کینیڈا نے پہلی، روس نے دوسری جبکہ امریکا نے تیسری پوزیشن حاصل کی، فاتح ٹیم کے ٹیسا ویرٹیو اور اسکاٹ موئر کی پرفارمنس نمایاں رہی۔

مینز فری اسٹائل اسکئنگ موگلز میں کینیڈا کے مائیکل کنگسبیوری نے طلائی، آسٹریلیا کے میٹ گراہم نے نقرئی اور جاپانی ڈیاچی ہارا نے کانسی کا تمغہ پایا۔مینز بائتھلون 12.5 کلومیٹر میں فرانس کے فوجی افسر مارٹن فورکیڈ نے پہلی پوزیشن پائی، سوئیڈن کے سباستین نے چاندی اور بینڈیکٹ ڈول نے کانستی کا تمغہ جیتا۔

ویمنز اسکی جمپنگ میں ناروے کی میرین لینڈبی نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا، جرمنی کی کیتھرین نے سلور جبکہ جاپان کی سارا تاکاناشی نے برانز میڈل جیتا۔ویمنز 1500 میٹر اسپیڈ اسکیٹنگ میں نیدرلینڈز کی ایرین ووسٹ نے میدان مارلیا، جاپان کی می ہوتاکاگی نے سلور جبکہ ڈچ ایتھلیٹ میریٹ لینسٹرا نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

مسلسل دوسرے روز تیز ہوائیں کچھ کھیلوں کے التوا کا باعث بن گئیں

پیونگ چانگ ونٹر گیمز کے دوران مسلسل دوسرے روز تیز ہوائیں کچھ کھیلوں کے التوا کا باعث بن گئیں، ویمنز سلوپ اسٹائل میں تقریباً تمام ہی ایتھلیٹ تیز ہوائوں کی وجہ سے خود پر کنٹرول نہیں رکھ پائیں، اتوار کو بھی ایونٹ اسی وجہ سے ملتوی کردیا گیا تھا،پیر کو ایک گھنٹے کی تاخیرکا بھی کوئی فائدہ نہیں ہوا، اسی طرح الپائن اسکیئنگ کو بھی دوسری مرتبہ ملتوی کرنا پڑا، اب ویمنز جینٹ سلالوم ایونٹ جمعرات کو منعقد ہوگا۔

44 سالہ ریکاگیمز میں شریک ہونے والی سب سے عمر رسیدہ ہاکی پلیئر
فن لینڈ کی ریکا والیلا ونٹر گیمزمیں شریک ہونے والی سب سے عمر رسیدہ ہاکی پلیئر بن گئیں، وہ 44 برس کی عمر میں ونٹر گیمز میں شریک ہیں، انھوں نے فن لینڈ کی جانب سے امریکا کے خلاف افتتاحی رائونڈ روبن میچ میں حصہ لیا، جس میں ان کی ٹیم 3-1 سے فتحیاب رہی، ریکا تین بچوں کی ماں بھی ہیں، وہ فن لینڈکی عمر رسیدہ ونٹر اولمپئن بھی بن گئیں۔ انھوں نے 7 برس کی عمر میں اپنے بھائیوں کی دیکھا دیکھی ہاکی کھیلنا شروع کی تھی،ریکا نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ اس عمر میں بھی اتنے بڑے گیمز میں شرکت کے قابل ہوں۔

گیمز کے دوران نورووائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ جاری
پیونگ چانگ گیمز کے دوران نورووائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافے کاسلسلہ جاری ہے، البتہ ایتھلیٹک ڈیلی گیشنز مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ پیر تک پیٹ کے امراض میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد 177 تک جا پہنچی،اس وائرس کا متاثر الٹیاں کرنے لگتا اور ڈائیریا میں مبتلا ہوجاتا ہے، 68 افراد ٹھیک ہوکر گیمز کے دوران اپنی ذمہ داریاں بھی سنبھال چکے ہیں۔

15 سالہ اسکیٹر الینا انفرادی مقابلے میں بہتر پرفارمنس کیلیے پُراعتماد
فری اسکیٹ ٹیم ایونٹ میں سلور میڈل جیت کر دنیا کو حیران کرنے والی 15 سالہ روسی اسکیٹر الینا زاگیٹووا اب انفرادی مقابلے میں بہتر پرفارمنس کیلیے پُراعتماد ہیں۔ یہ ان کے پہلے ونٹر گیمز ہیں، انھوں نے کہا کہ پہلے مقابلے سے میرے تجربے میںاضافہ ہوا مگر ابھی میری صلاحیتوں کا پوری طرح اظہار نہیں ہوسکا ہے، میں انفرادی ایونٹ میں اس سے بھی بہتر کھیل پیش کروں گی۔ یاد رہے کہ الینا زاگیٹووا پہلے ہی اس کھیل میں یورپیئن چیمپئن کا اعزاز رکھتی ہیں۔
Load Next Story