پی ٹی آئی کے کارکن کو اسلحہ دکھانے پر سلمان مجاہد بلوچ کے خلاف مقدمہ درج

راستہ نہ ملنے پر سلمان مجاہد نے پہلے ڈرائیونگ سیٹ سے بیٹھے ہوئے اسلحہ دکھایا، پی ٹی آئی کارکن احسن علوی

راستہ نہ ملنے پر سلمان مجاہد نے پہلے ڈرائیونگ سیٹ سے بیٹھے ہوئے اسلحہ دکھایا، پی ٹی آئی کارکن احسن علوی۔ فوٹو : فائل

لاہور:
پی ٹی آئی کے کارکن کو اسلحہ دکھانے پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سلمان مجاہد بلوچ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے کارکن پر سلمان مجاہد بلوچ کی جانب سے مبینہ طور پر اسلحہ تان کر دھمکیاں دینے کے خلاف پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان، علی زیدی اور کارکنان کی بڑی تعداد رات گئے گزری تھانے پہنچ گئی جہاں پولیس نے پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل کی مدعیت میں رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل نے وزیر داخلہ سندھ سے رابطہ کیا اور معاملے پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا جس پر سہیل انور سیال نے پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا۔ بعدازاں ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر کو سلمان مجاہد کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔


دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ کسی کو طاقت کے ناجائز استعمال کی اجازت نہیں دے سکتے، قانون سے کوئی بالا نہیں۔ انہوں نے سلمان مجاہد بلوچ کی سیکیورٹی واپس لینے کا بھی حکم دیا۔

ادھر پی ٹی آئی کے کارکن احسن علوی نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ شام یہ واقعہ ڈیفنس کے علاقے میں پیش آیا تھا جب رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ نے زبردستی گاڑی نکالنے کی کوشش کی اور اس دوران ہماری اور ان کی گاڑی پھنس گئی، سلمان مجاہد بلوچ جو کہ ویگو گاڑی میں سوار تھے اور خود ہی گاڑی چلا رہے تھے راستہ نہ ملنے پر انھوں نے پہلے ڈرائیونگ سیٹ سے بیٹھے ہوئے اسلحہ دکھایا اور بعدازاں ان کے گارڈ بھی اتر آئے اور وہ بھی اسلحہ دکھا کر خوفزدہ کرتے رہے جبکہ سلمان مجاہد بلوچ نے مبینہ طور پر مجھے مغلظات بکیں۔

Load Next Story