ایل جی کا اسمارٹ فون کیلیے مصنوعی ذہانت کے ٹولز کا اعلان

ایل جی اس سال اسمارٹ فون کے لیے تصویر پہچاننے اور آواز شناخت کرنے والے اے آئی ٹولز پیش کرے گا

ایل جی نے اعلان کیا ہے کہ وی 30 اسمارٹ فون میں پہلی مرتبہ مصنوعی ذہانت کے فیچر اور وائس کمانڈز شامل کیے جارہے ہیں۔ فوٹو: بشکریہ ایل جی

لاہور:
دنیا کی کئی کمپنیوں نے اسمارٹ فون کےلیے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی بنیاد پر ٹولز اور ڈیجیٹل اسسٹنٹس پیش کیے ہیں جن میں ایپل کا سائری، گوگل اسسٹنٹ اور سام سنگ کا بکسبائی شامل ہیں اور اب اس دوڑ میں ایل جی نے بھی شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایل جی نے تصاویر کی پروسیسنگ اور آواز شناخت کرنے والے ٹولز کا اعلان کیا ہے جو اس سال کے آخر میں پیش کردیئے جائیں گے۔ ایل جی کمپنی کے ترجمان کے مطابق ان ٹولز پر گزشتہ ایک سال سے کام جاری ہے جنہیں ایل جی وی 30 اسمارٹ فون میں پہلی مرتبہ پیش کیا جائے گا جب کہ اس کے بعد کے تمام اسمارٹ فون میں اسے پیش کردیا جائے گا۔


ایل جی کے مطابق تصویر شناخت کرنے والے الگورتھم کو 10 کروڑ تصاویر پر تربیت دی گئی ہے۔ الگورتھم تصویر میں نظر آنے والی اشیا کی شناخت، ان کی آن لائن خریداری اور ان کی ایڈیٹنگ مثلاً کم روشنی کو بہتر بنانے جیسے کام کرے گا۔ آواز کی شناخت کے لیے کئی وائس کمانڈز بھی تیار کی گئی ہیں، جن میں سیلفی، سلوموشن، وائڈ اینگل ویڈیو اور امیج سرچ جیسی اہم وائس کمانڈ شامل ہیں جو آپ کی آواز سن کر اسمارٹ فون کو وہ کام کرنے میں مدد دیں گی جو آپ چاہیں گے۔

ایل جی کے نمائندے ہا جیونگ نے گزشتہ ماہ لاس ویگاس میں ہونے والے کنزیومر الیکٹرانکس شو (سی ای ایس) میں کہا تھا کہ ہارڈویئر میں تبدیلیوں کی بجائے ہم نے اسمارٹ فون کے سافٹ ویئر اور اے آئی فیچرز پر توجہ مرکوز کی ہے کیوں کہ اس کی ضرورت اور مطالبہ ایک عرصے سے کیا جارہا تھا۔

ایل جی نے وی 30 اسمارٹ فون سے کئی توقعات وابستہ کر رکھی ہیں جسے کئی رنگوں اور ماڈلوں میں پیش کیاجائے گا۔ ان فونز میں پہلی مرتبہ اے آئی فیچرز شامل کیے جارہے ہیں۔
Load Next Story