پاکستانی مفادات کے خلاف کوئی سازش ہوئی توجواب دیا جائے گا احسن اقبال

پاکستان امن کے لئے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کوتیار ہے، وزیر داخلہ


ویب ڈیسک February 14, 2018
پاکستان امن کے لئے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کوتیار ہے، وزیر داخلہ . فوٹو:فائل

وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستانی مفادات کے خلاف کوئی سازش یا کوشش ہوئی توجواب دیا جائے گا۔

لندن میں امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دنیا بھرمیں دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان نے دیں، گزشتہ چند سال میں پاکستان نے 60 ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ دیا، دہشت گردوں سے جنگ میں پاکستانی معیشت کو 25 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا کی طرف سے معمولی امداد ملی، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ امریکی امداد کے لئے نہیں بلکہ اپنی عوام کے تحفظ کے لئے لڑی، پاکستان امریکا سے تجارت چاہتا ہے امداد نہیں، ہم امریکا سے ترقیاتی شراکت داری کے خواہاں ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان جغرافیائی لحاظ سے ایک دوسرے سے جڑے ہیں، افغانستان میں امن کے لئے ضروری ہے کہ پاکستان اور امریکا مل کرکام کریں، پاکستان وہ پہلا ملک ہے جو افغانستان میں عدم استحکام کا شکار ہے اور افغانستان میں ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالا جاتا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کے لئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے، خطے میں امن کے لئے افغان اور پاکستان حکومت کا باہمی تعاون ضروری ہے جب کہ امریکا کوجنوبی ایشیا اور افغانستان کو مختلف انداز سے دیکھنا ہوگا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان امن کے لئے عالمی برادری کے ساتھ مل کرکام کرنے کوتیار ہے جب کہ پاکستان اورامریکا کے درمیان طویل المدتی تعلقات ہیں، اسی وجہ سے امریکا سے باہمی احترام پرمبنی تعلقات چاہتے ہیں کیوں کہ پاکستانی باعزت قوم ہے لیکن پاکستانی مفادات کے خلاف کوئی سازش یا کوشش ہوئی توجواب دیاجائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں