راتوں رات سوشل میڈیا اسٹار بننے والی اداکارہ پر مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کا الزام

پریاپرکاش پر فلمائے گانے میں ایسے الفاظ ہیں جن سے مسلمانوں کےجذبات مجروح ہوئے ہیں، پولیس کو دی گئی درخواست میں موقف


ویب ڈیسک February 14, 2018
پریاپرکاش کے گانے کو صرف تین دنوں میں 40 لاکھ سے زائد بار دیکھاجاچکا ہے؛ فوٹوانٹرنیٹ

اپنی اداؤں سے راتوں رات سوشل میڈیا پر چھاجانے والی بھارتی اداکارہ پریا پرکاش کے خلاف مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کی شکایت درج کرائی گئی ہے۔

تین روز قبل سوشل میڈیا پر محض 30 سیکنڈ کی ایک وڈیو نے ہلچل مچادی تھی جس میں بھارت کی ملیالم فلم انڈسٹری کی 18 سالہ اداکارہ پریاپرکاش واریئر اپنی اداؤں کا جادو جگاتی نظر آرہی ہیں۔ پریا کی اداؤں کا سحر دیکھتے ہی دیکھتے پورے سوشل میڈیا پر پھیل گیا اورگزشتہ 3 روز سے سوشل میڈیا پر صرف پریاپرکاش نے اپنی اداؤں سے قبضہ جمایا ہواہے۔ اس وڈیو کی بدولت محض چند گھنٹوں میں ان کے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد لاکھوں تک پہنچ گئی ہے۔ تاہم اب پریا مشکل میں آگئی ہیں کیونکہ ان کے خلاف مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے پر شکایت درج کرائی گئی ہے۔


بھارتی میڈیا کے مطابق پریا کے خلاف بھارتی شہر حیدرآباد کےعلاقے فاروق نگر کے رہائشی نوجوانوں پر مشتمل گروپ نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ پریا کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ملیالم گانے''مانیکا ملارایا پووی'' میں شامل چند الفاظ ایسے ہیں جن سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔

دوسری جانب اے سی پی سید فیاض کا کہنا ہے کہ ہمیں چند لوگوں کی جانب سےشکایت موصول ہوئی ہے کہ گانے میں ایسے بول ہیں جن سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں لیکن شکایت کے ساتھ نوجوانوں کے گروپ نے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا لہٰذا فی الحال اس حوالے سے ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے۔



واضح رہے کہ پریا کی جانب سے شیئر کی گئی وڈیو دراصل ان کی پہلی ملیالم فلم''اورو آدار لو'' کے گانے کا ایک چھوٹاسا کلپ تھا، کلپ وائرل ہونے کے بعد یہ گانا یوٹیوب پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا اور اس گانے کو صرف تین دنوں میں 40 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

https://www.youtube.com/watch?v=I2TzcdtSjzY

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں