امریکی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر کے باہر فائرنگ تین زخمی

فورسز نے جائے وقوع سے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا

فورسز نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے،فوٹو:انٹرنیٹ

امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر فورٹ میڈے میں واقع نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر کے باہر فائرنگ ہوئی ہے جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے جب کہ ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق انتہائی خفیہ ادارے نیشنل سیکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) کے فورٹ میڈے میں واقع ہیڈ کوارٹر کے داخلی دروازے کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جہاں نامعلوم مسلح شخص نے گولیوں کی بوچھاڑ کردی، مسلح شخص نے مرکزی دروازے کے قریب ایک سیاہ رنگ کی گاڑی پر فائرنگ کی جب کہ کچھ گولیاں کنکریٹ کے بنے حفاظتی بلاکس میں لگیں۔


سیکورٹی اہلکاروں نے جائے وقوع سے گولیوں کے خول برآمد کرلیے جب کہ ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔ فورٹ میڈے گیریژن کی خاتون ترجمان چیری فلپس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ خفیہ ادارے کے اڈے کے باہر ہونے والی فائرنگ میں ایک شخص گولیاں لگنے سے زخمی ہوا جسے فوری طور پراسپتال منتقل کردیا گیا۔

این ایس اے پولیس اور مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ واقعہ عین اس وقت پیش آیا جب خفیہ ادارے کی ایک گاڑی دروازے سے اندر داخل ہورہی تھی تاہم اب فائرنگ کا سلسلہ تھم چکا ہے اور صورتحال قابو میں ہے۔

Load Next Story