پاکستان پوسٹ اور نیشنل بینک کے درمیان ایم او یو کا فیصلہ

ایک دوسرے کے صارفین کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے دستاویز پر جلد دستخط ہونگے


حسیب حنیف February 15, 2018
ڈاکخانوں میں کاؤنٹر اوراے ٹی ایم نصب،نیشنل بینک کیش مینجمنٹ سہولتیں دیگا۔ فوٹو: فائل

پاکستان پوسٹ اور نیشنل بینک آف پاکستان نے ایک دوسرے کے صارفین کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے معاہدہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

معاہدے کے تحت پاکستان پوسٹ کی جانب سے نیشنل بینک کے صارفین کو دوردراز علاقوں میں رقوم کی منتقلی اوردورافتادہ علاقوں کے ڈاک خانوں میں اے ٹی ایم کی تنصیب جیسی سہولتیں فراہم کی جائیں گی جبکہ نیشنل بینک کی جانب سے بھی پاکستان پوسٹ کو ادائیگیوں اور کیش مینجمنٹ میں معاونت دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق نیشنل بینک اور پاکستان پوسٹ نے ایک دوسرے کے صارفین کو رقوم کی منتقلی ( ترسیلات زر) سمیت متعدد سہولتوں کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے نیشنل بینک اور پاکستان پوسٹ کے درمیان ایم او یو سائن کیا جائے گا، اس مقصد کے لیے آئندہ چند دنوں میں اسلام آباد میں تقریب کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

دونوں ادارے پاکستان بھر میں ایک دوسرے کے صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے جس سے ملک کے دورافتادہ علاقوں کے مکینوں کو سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ریونیو میں بھی اضافہ ہو گا، پاکستان پوسٹ نیشنل بینک کے صارفین کو دورافتادہ علاقوں میں رقوم کی فراہمی کیلیے کاؤنٹر قائم کرے گا اورجہاں اے ٹی ایم کی سہولتیں نہیں وہاں ڈاک خانوں میں مشینیں نصب کی جائیں گی، اسی طرح ترسیلات زر میں بھی محکمہ ڈاک اور نیشنل بینک ایک دوسرے کے صارفین کو سہولتیں دیں گے۔

دوسری جانب نیشنل بینک کی جانب سے پاکستان پوسٹ کو کیش مینجمنٹ اور دیگر سہولتیں فراہمی کی جائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔