ونٹر گیمز امریکا نے مجموعی گولڈ میڈلز کی سنچری مکمل کرلی

مینز آئس ہاکی کے ابتدائی میچزمیں روس کو شکست، جرمنی بدستور نمبرون


مینز آئس ہاکی کے ابتدائی میچزمیں روس کو شکست، جرمنی بدستور نمبرون ۔ فوٹو: فائل

شان وائٹ نے ونٹر گیمز میں مجموعی امریکی گولڈ میڈلز کی سنچری مکمل کرا دی۔

شان وائٹ نے بدھ کو سنو بورڈ ہاف پائپ ایونٹ میں کامیابی حاصل کرکے طلائی تمغہ پایا، یہ پیونگ چانگ گیمز میں امریکا کا تیسرا جبکہ مجموعی طورپر ونٹر گیمز میں 100واں گولڈ میڈل شمار ہوا،31 سالہ وائٹ نے 97.75 پوائنٹس اسکورکرکے ٹائٹل قبضے میں کیا۔

جاپان کے ایومو نے سلور جبکہ آسٹریلیا کے اسکوٹی جیمزنے برانزمیڈل پر اکتفا کرلیا۔لیڈیز 1000 میٹر اسپیڈ اسکیٹنگ میں نیدرلینڈز کی جورین ٹی مورز نے گولڈ میڈل جیت لیا،جاپان کی نائوکوڈیریا نے چاندی جبکہ ہموطن می ہو تیکاگی نے کانسی کا تمغہ پایا، مینز نارڈک کمبائنڈ کے انفرادی گینڈرسین این ایچ 10/کلومیٹر مقابلے میں جرمنی کے ایرک فرینزل نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

جاپان کے اکیتو ویٹ ایب نے سلور جبکہ آسٹریا کے لوکاس لیپفر نے برانز میڈل پایا۔لوج مینز ڈبلز ایونٹ میں جرمن جوڑی وینڈیل ٹوبائس اور ایلرٹ ٹوبائس نے سب کو پیچھے چھوڑدیا، آسٹریا کے پلیئرز پینز پیٹر اور فشلر گیوریگ نے چاندی کا میڈل اپنے قبضے میں کیا،تیسری پوزیشن بھی جرمن پلیئرزایگرٹ ٹونی اور بینسکن نے حاصل کی۔

جرمنی 7 گولڈ میڈلز کے ساتھ بدستور پانچویں دن بھی میڈلز ٹیبل پر سرفہرست رہا۔مینز آئس ہاکی ایونٹ کے ابتدائی مقابلوں میں امریکا اور روس کی ٹیموں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، روسی ٹیم کو ابتدائی مقابلے میں سلواکیہ نے 3-2 سے ہرادیا، امریکی ٹیم 24 برسوں میں پہلی بار این ایچ اے پلیئرزکے بغیر میدان میں اتری، دوسرے میچ میں سلووینیا نے امریکا کو حیران کن طور پر 3-2 سے مات دیدی۔

ایتھلیٹ کو ہیلمٹ پر والد کی تصویر لگانے سے روک دیاگیا
آئی او سی نے جنوبی کوریا کی آئس ہاکی گول ٹینڈر کو اپنے ہیلمٹ پر والد کی تصویر چسپاں کرنے سے روک دیا۔ ایک روز قبل ہی ٹیکنیکل کمیٹی نے 2 امریکی ایتھلیٹس کو ہیلمٹ پر مجسمہ آزادی کی تصاویر لگانے کی اجازت دی تھی۔ شن سو جنگ نے کہاکہ والد کی تصویر میرے لیے بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہے مگر مجھے اسے ہیلمٹ پر لگانے سے روک دیا گیا جس پر کافی مایوسی ہوئی ہے۔

لنزے وون نے ٹویٹر پر ہی ویلنٹائن ڈے کیلیے ڈیٹ کی آفر کردی
امریکی اسکی اسٹار لنزے وون نے ٹویٹر پر ہی ویلنٹائن ڈے کیلیے ڈیٹ کی آفر کردی جس کے جواب میں ان کے ساتھ وقت گزارنے کے آرزو مند شائقین کی لائن لگ گئی۔ 33 سالہ وون نے ٹویٹ کیا کہ ویلنٹائن کے موقع پر میں گیمز میں شریک اور 'سنگل' ہوں کوئی میرا ویلنٹائن بننا چاہے گا، جس کے جواب میں بہت زیادہ لوگوں نے اپنی خواہش کا اظہار کیا اور کئی دلچسپ جوابات بھی سامنے آئے۔ یاد رہے کہ وون کا آخری بار سابق نمبر ون گالفر ٹائیگر ووڈز سے تعلق رہا جو ڈیڑھ برس بعد 2015 میں ٹوٹ گیا تھا تب سے وہ سنگل ہی ہیں۔

' یہ چکن سلاد' کیا ہے، کورین صحافی کا ایتھلیٹ سے سوال
ونٹر اولمپک کے اسنوبورڈنگ ایونٹ کے دوران ایتھلیٹس کی جانب سے استعمال کردہ دلچسپ اصطلاحات نے شائقین اور میڈیاکو چکرا کررکھ دیا، جب ایک کھلاڑی اسنوبورڈ سلوپ اسٹائل ایونٹ میں کوالیفائی کرنے کے بعد قریب سے گزرا تو مقامی رپورٹر نے بے ساختہ سوال کر دیاکہ ' یہ چکن سلاد' کیا ہے، جس پر بورڈر نے ہنستے ہوئے کہا کہ جب ہم ایک ٹانگ کو پھیلانے کی خاطر اسنوبورڈ کے پچھلے حصے کو ہاتھ سے تھامتے ہیں تو اس کو چکن سلاد کہتے ہیں، اسی طرح ایونٹ میں چند دیگر دلچسپ اصطلاحات بھی سننے کو ملیں،ان میں روسٹر بیف، میلون اور انڈی بھی شامل ہیں۔

شمالی کورین مہمانوں کی خاطرمدارت پر جنوبی کوریا کے 2.6 ملین ڈالر خرچ
شمالی کورین مہمانوں کی خاطرمدارت پر جنوبی کوریا 2.6 ملین ڈالر خرچ کررہا ہے، بدھ کو اس بجٹ کی سرکاری طور پر منظوری بھی دے دی گئی، شمالی کورین رہنما نے جنوبی کوریا کی میزبانی کو سراہا ہے۔

جنوبی کورین آفیشلز کے مطابق بجٹ میں منظور ہونے والی رقم میں سے 2.86 بلین وون شمالی کورین مہمانوں کے سفر، ہوٹل کھانے اور دیگر امور پر خرچ کیے جائیں گے، شمالی کوریا سے 229 چیئرلیڈرز اور تائیکوانڈو کی نمائشی ٹیم بھی ونٹر گیمز کے موقع پر جنوبی کوریا آئی ہے،140 فنکار بھی سیئول کی میزبانی سے لطف اندوز ہورہے ہیں،گیمز میں شریک 22 شمالی کورین ایتھلیٹس کیلیے اخراجات کی رقم الگ سے ادا کیے جائیں گے۔

خطرناک ہوائوں کے سبب 2 میڈلز ایونٹس کوموخر کرنا پڑگیا
خطرناک ہوائوں کے سبب گانگ یونگ میں بدھ کو 2 اولمپک میڈلز ایونٹس کا انعقاد ممکن نہیں ہوسکا، شائقین کو وینیوز پر آنے کے بجائے محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کردی گئی، خراب موسم کے بعد ویمنز سیلالوم اسکیئنگ اور ویمنز بائتھلوں ایونٹس رواں ہفتے کے اواخر تک موخر کردیے گئے،نورڈک کمبائنڈ ایونٹ بھی تاخیر سے دوچار ہوگیا، سنوبورڈز ایتھلیٹس نے بھی شہر میں ہونے والی شدید برفباری کے بعد دیکھنے میں مشکلات کی شکایت کی تھی۔

گذشتہ چار روز سے چلنے والی تیز ہوائوں سے خاص طور پر اسکیئنگ ایونٹس بُری طرح متاثر ہوئے ہیں، ابھی تک صرف ایک اسکی ریس مکمل ہوپائی، آئی او سی ترجمان مارک ایڈمز نے کہا کہ اگر آئندہ 15 روز تک اسی طرح تیز ہوائیں چلتی رہیں تو پھر ہمارے لیے مشکلات ہوسکتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں