نجی تنظیم ’’الف اعلان‘‘ کی 5 سالہ تعلیمی کارکردگی رپورٹ جاری

سندھ میں67 لاکھ بچے تعلیم سے دور، 10 سے 16 سال کی عمر کے 48 لاکھ بچے تعلیم سے محروم

سندھ میں67 لاکھ بچے تعلیم سے دور، 10 سے 16 سال کی عمر کے 48 لاکھ بچے تعلیم سے محروم۔ فوٹو: فائل

کراچی کے مقامی ہوٹل میں نجی تعلیمی تنظیم '' الف اعلان '' نے سروے کے بعد 5 سالہ تعلیمی کارکردگی کی رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سندھ میں67 لاکھ بچے اب بھی تعلیم سے دور ہیں جبکہ 10 سے 16 سال کی عمر کے 48 لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہیں جن میں سے 5 سے 9 سال عمر کے بچوں کی تعداد 18 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جو آج تک کبھی اسکول نہیں گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی کے 27 فیصد اسکول بجلی کی سہولت سے محروم ہیں تو 29 فیصد اسکولوں میں اب بھی پینے کا پانی موجود نہیں جبکہ 14 فیصد اسکولوں میں چار دیواری کا کوئی بندوبست نہیں ہے تو 21 فیصد اسکولوں میں بیت الخلا موجود نہیں ہیں۔


رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ سندھ بھر کے 43 فیصد اسکولوں میں پانی کی سہولت ہی موجود نہیں جن میں سب سے برا حال ضلع سجاول کا ہے جہاں 83 فیصد اسکول پانی کی سہولت سے محروم ہیں اسی طرح سندھ بھر کے 52 فیصد اسکولوں میں بجلی کی عدم دستیابی ہے، پانی کے بعد بجلی میں بھی سجاول ضلع کی کارگردگی سب سے بری رہی، دوسری جانب 91 فیصد اسکولوں میں لائٹ ہی نہیں ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پانچویں جماعت کے بعد طلبا کو ریاضی اور سائنس سمجھ نہیں آتی، اسی طرح رپورٹ میں طلبا کے مختلف مضمون میں دلچسپی کا حال بھی بتایا گیا جس کے مطابق کراچی کے ضلع غربی کے اسکولوں میں ریاضی کے مضمون میں طلبا کی دلچسپی 26 فیصد ، ضلع سینٹرل میں 24 فیصد ، ساؤتھ اور ضلع ایسٹ بھی 23 فیصد رہی جب کہ سائنس کے مضمون میں طلبا کی دلچسپی کی تعداد ضلع ایسٹ میں 25 فیصد ، سینٹرل 25 فیصد ، ضلع ساؤتھ 23 فیصد اور ضلع ایسٹ میں 22 فیصد رہی۔

 
Load Next Story