لطیف آباد میں 2 خواتین کے گلے کاٹ دیے گئے ایک ہلاک

دوسری شدید زخمی، لرزہ خیز واردات سے علاقے میں خوف و ہراس،26 سالہ صبا کی لاش بالائی منزل کے باروچی خانے سے ملی۔


Numainda Express February 16, 2018
زخمی30 سالہ نازو گرائونڈ فلور پر تھی، وقوعہ کے وقت دونوں دیورانی جیٹھانی اور 2 سالہ بچی حریم گھر میں موجود تھیں۔ فوٹو: فائل

بسمہ اللہ سٹی کے ایک گھر میں2 خواتین کے گلے کاٹ دیے گئے جس کے نتیجے میں ایک جاں بحق اور دوسری شدید زخمی ہو گئی۔

لطیف آباد یونٹ10 کے علاقے بسمہ اﷲ سٹی کی گلی نمبر 2 کے3منزلہ گھر میں پراسرارطور پر دیورانی اورجیٹھانی کے گلے کاٹ دیے گئے۔26 سالہ صبا زوجہ عاطف آرائیں موقع پر ہی جاں بحق جبکہ اس کی جیٹھانی 30 سالہ نازو زوجہ کامران آرائیں شدید زخمی ہو گئی۔

واقعے کی اطلاع پر پولیس نفری پہنچ گئی جبکہ لوگوں کی بڑی تعداد متاثرہ گھر کے باہر جمع ہوگئی۔ زخمی خاتون کو پہلے بھٹائی اسپتال بعدازاں سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

اے ایس پی زاہدہ پروین اور پیپلز پارٹی کے رہنما عبدالجبار خان نے بھی جائے وقوع کا دورہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ زخمی خاتون گھرکے گرائونڈ فلور اورلاش بالائی منزل کے باروچی خانے سے ملی ہے۔ گھر سے آلہ قتل چھرا بھی ملا ہے۔

مقتولہ کے ناخنوں میں کچھ بال بھی چپکے پائے گئے جس سے تاثر ملتا ہے کہ اس نے مزاحمت کی جبکہ گھر میں لوٹ مار کے کوئی شواہد نہیں ملے۔ پولیس نے فنگر پرنٹ و دیگر شواہد حاصل کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ قریبی عزیز خاتون نے بتایا کہ گھر میں 4 بھائی کامران، راشد، محسن اور عاطف رہتے ہیں۔

وقوعہ کے وقت گھر میں کوئی مرد نہیں تھا۔ متوفیہ صبا کا شوہر حیسکو میں اے ایل ایم ہے اور ایک سال قبل ہی دونوں نے پسند سے شادیکی تھی ،کوئی اولاد نہیں جبکہ زخمی نازوکا شوہر نجی بینک میں آپریشن منیجر ہے۔ رابطہ کرنے پر پولیس نے بتایا کہ کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا۔ لاش کا پوسٹ مارٹم ہوگا۔

پولیس کو محلے والے نے بتایا کہ ایک خاتون اور مرد آئے تھے تاہم واقعہ کی تمام پہلوئوں سے تحقیقات کی جائے گی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ایک بھائی کی بیوی میکے گئی ہوئی ہے جبکہ دوسرے کی بیٹی کی طبیعت خراب تھی جس کی وجہ سے وہ اہل خانہ کے ہمراہ سسرال گیا ہوا تھا۔ واردات کے وقت نازو، صبا اور نازو کی2 سالہ بیٹی حریم گھر میں تھیں لیکن قاتلوں نے بچیکو کچھ نہیں کہا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔

واضح رہے 8 ماہ قبل4 جولائی 2017 کو اسی علاقے میں میں رہائش پذیر دلدارحسین قریشی ایڈوکیٹ کے گھر سے ان کی اہلیہ44 سالہ نفیسہ بانو اور بہو 24 سالہ فریال کی گردن کٹی لاشیں ملی تھیں مگر پولیس آج تک قاتلوں کو نہیں پکڑ سکی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |