اے ایف سی جونیئر فٹبال کپ پاکستان کی شرکت مشکوک

بروقت درخواست دینے کے باوجود پاسپورٹس جاری نہیں کیے گئے،احمدیارلودھی۔

بروقت درخواست دینے کے باوجود پاسپورٹس جاری نہیں کیے گئے،احمدیارلودھی. فوٹو: وکی پیڈیا

پاسپورٹ آفس لاہورمیں لیمینیشن پیپر کی عدم دستیابی نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔

اے ایف سی انڈر14 فٹبال ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی قومی جونیئر ٹیم کے کھلاڑیوں کی جانب سے سفری دستاویزات کیلیے بروقت رجوع کیے جانے کے باوجود ابھی تک پاسپورٹ ملنے کا کوئی امکان نظر نہیں آتا۔ فیڈریشن سیکریٹری احمد یارخان لودھی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ تیاریاں مکمل ہونے کے باوجود ایونٹ میں شرکت نہ کرسکے تو بہت زیادہ دکھ ہوگا۔ ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے زیر اہتمام ایونٹ23 سے29 اپریل تک ایران میں شیڈول ہے، اس میں میزبان ٹیم سمیت پاکستان، بھارت، کرغزستان اورترکمانستان کے جونیئرز اسکواڈ کو شرکت کرنی ہے۔




پاکستان فٹبال فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری کرنل(ر) احمد یار خان لودھی نے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو میں کہا کہ اے ایف سی جونیئر ایونٹ پاکستانی ٹیم کیلیے مستقبل کیلیے بہت اہم ہے، اگر کسی بھی وجہ سے شرکت نہ کرسکے تو بہت زیادہ افسوس ہوگا ، اگرسفری دستاویزات کی فراہمی بروقت ہوگئی تو قومی جونیئر ٹیم 21 اپریل کو لاہور سے ایران روانہ ہوگی۔ انھوں نے بتایا کہ مقابلوں کیلیے ٹیم کے انتخاب کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا، تیاری کیلیے پلیئرز کو ہرممکن سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ یاد رہے کہ مقابلوں کی تیاری کیلیے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے۔
Load Next Story