نگراں وزیراعظم نے کابینہ کیلیے صدرکے پیش کردہ نام مسترد کر دیے

اچھی ساکھ والوں کو وزیربنایاجائیگا، کھوسو، پی پی، ن لیگ کی مفاہمت پر ناپسندیدگی


INP March 30, 2013
اچھی ساکھ والوں کو وزیربنایاجائیگا، کھوسو، پی پی، ن لیگ کی مفاہمت پر ناپسندیدگی فوٹو: فائل

نگراں وزیراعظم میرہزارکھوسو نے اپنی کابینہ کیلیے صدر آصف علی زرداری کے پیش کردہ ناموں کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف شفاف ساکھ رکھنے والے افراد کو ہی وزرا بنایا جائے گا۔

برطانوی نیوزویب سائٹ ''دی نیوزٹرائب''کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے کسی بھی سیاسی جماعت کے نامزدہ کردہ یا سیاسی وابستگی رکھنے والے افراد کو کابینہ میں شامل کرنے سے انکارکردیا ہے۔رپورٹ کے مطابق میرہزار کھوسو نے صدر کو صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ یا ان کی جگہ کوئی بھی نگراں وزیراعظم ان کے یا ان کی جماعت کے نامزدہ کردہ شخص کو نگراں کابینہ کا حصہ نہیں بناسکتا۔ رپورٹ کے مطابق صدرکی خواہش ہے کہ اہم وزارتوں میں ان کے نامزد کردہ افراد کو جگہ دی جائے۔



تاکہ ان کی جماعت کی حکومتی کی پالیسیوں کا تسلسل برقرار رکھا جاسکے۔ رپورٹ میں کہاگیاکہ میرہزار خان کھوسو نے پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے درمیان نگراں وزارتوں کی تقسیم کے حوالے سے مفاہمت پر بھی ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔رپورٹ میں کہاگیا کہ صدر زرداری سابق وزیر خزانہ سلیم مانڈوی والا اورسابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹرعاصم حسین کو نگراں کابینہ میں ان کی جگہوں پربرقراررکھاچاہتے ہیں۔

اسی طرح پیپلزپارٹی سلیم مانڈوی والا کوجگہ نہ دینے پراپنی پسند کے امیدوار رضی الرحمن یا خواجہ اقبال حسن کو وزیر خزانہ کی حیثیت سے دیکھنا چاہتی ہے۔خیال رہے کہ نگران وزیراعظم کو اپنا عہدہ سنبھالے 3 دن گزرگئے ہیں تاہم اب تک عارضی کابینہ کی تشکیل کے آثارنظرنہیں آرہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں