میانمارکے بعدسری لنکا کے مسلمان بھی بدھسٹ کے نشانے پر

کولمبومیں مسلمانوں کاگودام نذرآتش، 3افراد زخمی، سیکیورٹی ہائی الرٹ۔


INP March 30, 2013
موجود پولیس نے حملہ آوروںکوروکنے کی کوشش نہیں کی، عینی شاہدین. فوٹو: رائٹرز

میانمار کے بعد سری لنکا میں بدھوں نے مسلمانوں کے خلاف محاذ کھول دیا۔

دارالحکومت کولمبو میں سنہالی بدھوں کی جانب سے مسلمانوں کے گودام میں توڑپھوڑ کرنے کے بعد گوادام کو نذرآتش کردیا گیا، حملے میں 3افراد زخمی بھی ہوئے، کشیدہ صورتحال کے بعد علاقے میں سیکیورٹی بڑھادی گئی، حملے کرنے والے بدھسٹ کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ جمعے کو عالمی میڈیاکی رپورٹ کے مطابق بدھ راہبوں کی قیادت میں سیکڑوں افراد نے رات کی تاریکی میں مسلمانوں کے ایک گودام پر دھاوا بول کر توڑپھوڑ کی۔



واقعے کے بعد علاقے میں صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ پولیس کے ترجما ن بدھیکا سری وردھنے نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ سنہالی گروہوں نے پپیلیانا کے علاقے میں واقع ملبوسات کے گودام پر پتھراؤ کرنے کے بعد اسے آگ لگادی جس کے نتیجے میں 3افراد زخمی ہوئے۔

انھوں نے کہاکہ متاثرہ علاقے کی نگرانی اور وہاں حالات بگڑنے سے بچانے کیلیے اسپیشل ٹاسک فورس کے کمانڈوز کے اضافی دستے تعینات کردیے گئے ہیں۔ ترجمان نے یہ بھی بتایاکہ تاحال اس سلسلے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ پولیس کے بیان کے برعکس عینی شاہدین کے مطابق موقع پر موجود پولیس نے ابتدامیں حملہ آوروں کو روکنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔ تاہم جب تشدد کا سلسلے پھیلنے لگا تو پولیس نے دخل اندازی کی اور حالات پر قابو پایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں