آصف زرداری کا راؤ انوار سے متعلق اپنے بیان پر افسوس کا اظہار

سابق صدر نے ماورائے عدالت قتل کو مجرمانہ، قابل نفرت اور ناقابل تسلیم قرار دیا ہے،ترجمان پیپلزپارٹی


ویب ڈیسک February 17, 2018
ماورائے عدالت قتل مجرمانہ فعل ہے،ترجمان پیپلزپارٹی، فوٹو:فائل

WASHINGTON: پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اورسابق صدر آصف زرداری نے راؤ انوار سے متعلق اپنے بیان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

آصف زردار ی کی جانب سے راؤ انوار کو بہادر بچہ کہنے پر پیپلز پارٹی کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر اور پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے راؤ انوار کے لیے بہادر بچہ کے الفاظ غیرارادری طور پر ادا کیے، ان الفاظ کی ادائیگی کا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں، اگر کسی کو اس بات سے تکلیف پہنچی ہے تو وہ اس پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: راؤ انوار بہادر بچہ ہے، آصف زرداری
فرحت اللہ بابر نے کہا کہ سابق صدر نے ماورائے عدالت قتل کو مجرمانہ، قابل نفرت اور ناقابل تسلیم قرار دیا ہے، زبردستی غائب کر دینا اور ماورائے عدالت قتل ایک جیسے جرائم ہیں، آصف زرداری نے ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ ایک انٹرویو کے دوران آصف زرداری کا کہنا تھا کہ راؤ انوار ان بہادر بچوں میں سے ایک ہے جو ایم کیو ایم سے لڑنے میں بچ گیا، کراچی آپریشن میں 54 ایس ایچ اوز شامل تھے ان میں سے 53 مارے گئے اور صرف ایک راؤ انوار بچا ہوا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں