ڈیرن سیمی کا پاکستانیوں کے لیے محبت بھرا پیغام جاری

کراچی میں شائقین کے سامنے دوسری بار ٹرافی اٹھاکرجشن منائیں گے،آل راؤنڈر


Sports Reporter February 18, 2018
کراچی میں شائقین کے سامنے دوسری بار ٹرافی اٹھاکرجشن منائیں گے،آل راؤنڈر۔ فوٹو: فائل

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے پی ایس ایل تھری سے قبل پاکستانیوں کیلیے محبت بھرا پیغام دیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ ہم پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی چاہتے ہیں، گذشتہ ایڈیشن کے فائنل میں بھی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں زبردست جوش و خروش تھا، بڑی خوشی ہے کہ میرے ساتھ کرس جورڈن،مارلون سموئیلز اور ڈیوڈ مالان نے پاکستانیوں کی مہمان نوازی کا لطف اٹھایا اور انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں اپنا کردار ادا کیا،قذافی اسٹیڈیم میں ٹائٹل جیتنے سے ٹور کا مزا دوبالا ہوگیا۔

ڈیرن سیمی نے کہا کہ ہم شائقین کی طرف سے ملنے والی پذیرائی کبھی فراموش نہیں کرسکتے، پاکستانی مجھے سے اور میں پاکستانیوں سے بہت محبت کرتا ہوں۔ سیمی نے کہا کہ گذشتہ ایڈیشن میں قذافی اسٹیڈیم میں ٹرافی اٹھائی، اب 25 مارچ کو کراچی میں بھی اپنے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے گذشتہ برس سے زیادہ جشن منائیں گے، پی ایس ایل میں مہم کیلیے تیاریاں مکمل ہیں،ہر حریف ٹیم کا احترام اور کھیل کی قدر کرتے ہیں لیکن کسی کی قوت کے خوف کا شکار ہوئے بغیر صرف اور صرف فتح کا عزم لیے میدان میں اترینگے۔

پشاور زلمی کے کپتان نے سپورٹرز سے گزارش کی ہے کہ دبئی،شارجہ کے بعد لاہور اور کراچی میں اسٹیڈیمز کا رخ کرتے ہوئے اسٹینڈز کو پشاور زلمی کی شرٹس سے پیلا کردیں، ٹائٹل کے دفاع کیلیے پُرعزم کھلاڑی انھیں مایوس نہیں کرینگے۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز 22 فروری سے دبئی میں ہوگا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں