نواز شریف کو گالی دینے والے منصف ان کا مقدمہ بھی سن رہے ہیں مریم نواز

نواز شریف کو عوام نے نہیں بلکہ ووٹ کی پرچی روندنے والوں نے نکالا، مریم نواز


ویب ڈیسک February 18, 2018
آج منصف اس ملک کی قسمت کے مالک بن چکے ہیں، مریم نواز فوٹو: اسکرین گریب

مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کو گالی دینے والے منصف ان کا مقدمہ بھی سن رہے ہیں۔

شیخوپورہ میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کیا نواز شریف کے ساتھ انصاف ہوا، کیا نواز شریف کی نااہلی اور ناانصافی کو مانتے ہو؟، یہ اکیلے نواز شریف کا مقدمہ نہیں بلکہ ہر اس وزیراعظم کا مقدمہ ہے جسے عوام نے ووٹ دے کر منتخب کیا لیکن جو پانچ سال پورے نہ کرسکا۔ نواز شریف کے ساتھ تین بار یہی ہوا، ایک بار بھی نواز شریف کو عوام نے نہیں نکالا، کیا ایسے ہی پاکستان کا تماشا بنتا رہے گا؟۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو 3 بار عوام نے نہیں بلکہ ووٹ کی پرچی روندنے والوں نے نکالا، جن منصفوں نے نواز شریف کو گالی دی وہی ان کا مقدمہ بھی سن رہے ہیں اور فیصلہ بھی سنانا ہے، جو منصف فیصلے آنے سے پہلے گالی دے دے اس کا فیصلہ کیا ہوگا، کیا گالیوں اور القابات سے پہلے ہی نواز شریف کا مقدمہ سنا نہیں دیا؟۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہمارا نظام عدل عوام اور ووٹ دینے والوں کا مقروض ہے، اس نظام عدل کو نواز شریف کے پچھلے 20 سال کا قرض چکانا تھا، انہوں نے ڈھیروں قرضوں کا انبار لگادیا، نواز شریف پر ہائی جیکنگ کے جھوٹے مقدمہ کا قرض کون چکائے گا، آج منصف اس ملک کی قسمت کے مالک بن چکے ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ مائنس نواز شریف فارمولے پر کام کرنے والوں کو تو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا لیکن نواز شریف کو عوام کا ساتھ مل گیا، وہ وقت آئے گا آئین و قانون پر مبنی جے آئی ٹی بنے گی جو واٹس ایپ کال پر بننے والی جے آئی ٹی کی تحقیقات کرے گی، نوازشریف کو 3بارووٹ کی پرچی روندنےوالوں نےنکالا، منصفوں اور عدلیہ کا سارا زور وزیراعظم اور سیاست دانوں پر ہی چلتا ہے لیکن آمروں کے سامنے کچھ کرنے کی ہمت نہیں ہوتی، آئین کی شق 62 اور 63 کہاں سوجاتی ہے، ان کو ان سب باتوں کے جواب ایک نہ دن دینے پڑیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں