مسلم لیگ(ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف پاکستان کے قومی مجرم ہیں امید ہے عدالت انہیں ان کے جرائم کی سزا ضرور دے گی۔
لاہور میں پارٹی سیکرٹریٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے جرائم کی فہرست کافی طویل ہے، انہوں نے قبائلی علاقوں اور بلوچستان کو بد امنی کی آگ میں جھونکا، ملک میں اندھیروں کا راج ان ہی کے دور کا تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے کئی بار آئین کو پامال کیا اور اپنے غیر آئینی اقدامات سے پاک فوج کا تشخص تباہ کیا، پاکستان کو تباہ کرنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی، سابق صدر نے اپنے آمرانہ دور میں ملکی خود مختاری کا سودا کیا جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ان کی جماعت امید کرتی ہے کہ جس طرح جعلی ڈگری والوں کےخلاف کارروائی ہو رہی ہے اسی طرح جنرل مشرف کے خلاف بھی عدلیہ کی جانب سے کارروائی کی جائے۔